مجھے موت اور قبر تیار ہونے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں شرجیل گوپلانی

حادثاتی موت بھی ہوجائے تو ذمہ دار سی ای او کے الیکٹرک ہونگے، تاجر رہنما کراچی ٹمبر مارکیٹ

فوٹو: ٹوئٹر

تاجر رہنما شرجیل گوپلانی نے انکشاف کیا ہے کہ انکو کے الیکٹرک کیخلاف احتجاج پر موت اور قبر تیار ہونے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں کراچی ٹمبر مارکیٹ کے تاجر رہنما شرجیل گوپلانی کا کہنا تھا کہ میری حادثاتی موت بھی ہوتی ہے تو اس کے ذمہ دار سی ای او کے الیکٹرک ہوں گے۔ اگر حکومت ناخوش ہے تو ہم کاروبار بند کرکے ملک سے چلے جاتے ہیں۔

چیئرمین تاجر ایکشن کمیٹی شرجیل گوپلانی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو بتا دیا بجلی کے اضافی بل ادا نہیں کرسکتے۔ پچھلے ڈیڑھ سال سے چھ گھنٹے کیلئے بجلی دی جاتی ہے۔ ہڑتال یا دھرنے سے متعلق منگل کواجلاس میں فیصلہ کریں گے۔


شرجیل گوپلانی کا کہنا تھا کہ ٹمبر مارکیٹ کروڑوں روپے کا صرف سیلزٹیکس ادا کرتی ہے، ہمارے پاس دنیا کے مختلف ممالک سے سفارتکار یہاں کاروبار کیلئے آتے ہیں۔ مجھ سمیت ٹمبر مارکیٹ کے تاجروں پر ایف آئی آر کاٹی گئیں۔

قبل ازیں شرجیل گوپلانی سے کے الیکٹرک کے معاملے پر اظہار یکجہتی کیلئے ارشد وہرہ کی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کا وفد ٹمبر مارکیٹ پہنچا اور تاجر رہنما کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما ارشد وہرہ کا کہنا تھا کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کیا جائے۔ شہر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ کے الیکٹرک کی ناانصافیوں کے خلاف تاجروں کیساتھ ہیں۔
Load Next Story