انضمام الحق کو 3 سالہ معاہدہ دینے کی منظوری

چیف سلیکٹر کے بورڈ سے معاملات طے،20 لاکھ روپے ماہانہ ملنے کا امکان


Saleem Khaliq August 29, 2023
آج ملتان میں آرتھر، بریڈ برن اور بابرکے ساتھ ورلڈکپ اسکواڈ پر مشاورت۔ فوٹو : پی سی بی

پی سی بی کے انضمام الحق سے معاملات طے ہو گئے، ان کو تین سالہ معاہدہ دینے کی مینجمنٹ کمیٹی نے بھی توثیق کر دی جب کہ انھیں 20 لاکھ روپے ماہانہ دیے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 7 اگست کو انضمام الحق کی بطور چیف سلیکٹر تقرری کا اعلان کیا تھا،انھوں نے سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز اور ایشیا کپ کے اسکواڈز منتخب کیے مگر معاہدے کی مدت پر بات چیت جاری رہی۔

انضمام کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلیے ضروری ہے کہ چیف سلیکٹر کا تقرر طویل المدتی ہو تاکہ فیصلوں میں تسلسل برقرار رہے، اگر انھیں طویل عرصے کے لیے ذمہ داری سونپی گئی تو وہ لیگر و دیگر مصروفیات ترک کر کے تمام تر توجہ اسی کام پر دیں گے۔

پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے اتوار کو کراچی میں منعقدہ اجلاس میں انضمام الحق بھی آن لائن شریک ہوئے، اس موقع پر شرکا نے کرکٹ کیلیے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے متفقہ طور پر تین سالہ معاہدہ دینے کے فیصلے کی توثیق کر دی،ذرائع کے مطابق انھیں ماہانہ 20 لاکھ روپے دیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق چیف سلیکٹر مقرر

ذرائع نے مزید بتایا کہ حال ہی میں ریٹائر ہونے والے کرکٹرز بھی لیگز وغیرہ کی وجہ سے اب کم معاوضے پر کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے، انھیں اچھی خاصی رقم مل جاتی ہے،اسی لیے بورڈ کو بھی بڑے ناموں کو راغب کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب ورلڈکپ اسکواڈ کے حوالے سے مشاورت کیلیے چیف سلیکٹر انضمام الحق منگل کو ملتان میں ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر، ہیڈکوچ گرانٹ بریڈ برن اور کپتان بابر اعظم سے ملاقات کریں گے، ایشیا کپ اسکواڈ میں ممکنہ تبدیلیوں کی ضرورت محسوس ہونے پر مختلف ناموں پر غور کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ مکی آرتھر سری لنکا میں پاک بھارت میچ کے بعد واپس روانہ ہوجائیں گے، انضمام الحق ان کی موجودگی میں ممکنہ ورلڈکپ اسکواڈ کے حوالے سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں