ورلڈکپ افتتاحی تقریب کو بالی ووڈ کا تڑکا لگے گا

آتشبازی، لائٹنگ شو اور رقص و موسیقی سے ماحول کو گرمانے کا فیصلہ


Sports Desk August 29, 2023
4 اکتوبر کو احمد آباد میں انعقاد،پہلے تمام کپتان بھی اکٹھے ہوں گے۔ فوٹو: آئی سی سی

ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب کو بالی ووڈ کا تڑکا لگایا جائے گا جب کہ آتشبازی، لائٹنگ شو اور رقص و موسیقی سے ماحول کو گرمایا جائے گا۔

ورلڈ کپ 2023 کی افتتاحی تقریب 4 اکتوبر کو نریندرا مودی اسٹیڈیم میں منعقد ہو گی،شوپیس ایونٹ کا کائونٹ ڈائون جاری ہے، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 اکتوبر کو احمد آباد میں پہلا میچ ہوگا۔

افتتاحی تقریب آئی سی سی کا کیپٹنز ڈے بھی ہوگا، چونکہ وارم اپ میچز 3 اکتوبر کو ختم ہوجائیں گے، اس لیے اگلے روز تمام کپتان احمد آباد میں جمع ہوں گے اور یہی میگا ایونٹ کے آغاز کا موقع ہوگا، اس کے بعد شام میں افتتاحی تقریب سجائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کی کرکٹ ورلڈکپ ٹرافی کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے تقریبات کی تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئی ہیں ،البتہ ایک رپورٹ کے مطابق اس میں بالی ووڈ کے معروف گلوکار اور کئی مشہور انٹرنیشنل اسٹارز شریک ہوں گے، میچز چونکہ دوپہر 2 بجے شروع ہونے ہیں، اس لیے افتتاحی میچ والے روز تقریب کے انعقاد سے گریز کیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب کو لائٹ شو، آتش بازی اور رقص و موسیقی سے چار چاند لگائے جائیں گے، اس موقع پر آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے ٹاپ آفیشلز کے ساتھ دیگر کرکٹ بورڈز کے بھی حکام شریک ہوں گے جنھیں جلد ہی شرکت کا دعوت نامہ بھیج دیا جائے گا۔

شائقین کو بھی تقریب سے لطف اندوز ہونے کا موقع میسر آئے گا۔ پاکستانی کپتان بابراعظم، بھارتی قائد روہت شرما، انگلش جوز بٹلر، آسٹریلوی پیٹ کمنز، سری لنکن ڈاسن شناکا، نیدرلینڈز کے اسکاٹ ایڈورڈز، جنوبی افریقی ٹیمبا باووما، افغان حشمت اللہ شاہدی اور نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھم کیپٹنز ڈے کے موقع پر نریندرا مودی اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے،اگر کین ولیمسن فٹ ہو گئے تو بطور کیوی کپتان وہ آئیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں