کراچی ناظم آباد انڈرپاس پر لگا سائن بورڈ گرنے سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق

ابتدائی رپورٹ کے مطابق نشے کے عادی افراد نے سائن بورڈ کا سریا کاٹا، میئر کراچی نے سخت کارروائی کی ہدایت کردی

واقعہ ناظم آباد سے لیاقت آباد جانے والے انڈرپاس میں پیش آیا

ناظم آباد انڈرپاس پر لگا سائن بورڈ گر جانے سے ایک موٹرسائیکل سوار جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ناظم آباد سے لیاقت آباد جانے والے انڈر پاس میں سائن بورڈ گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس کی زد میں آکر موٹر سائیکلوں پر جانے والے 3 افراد زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔ بعد ازاں ایک موٹرسائیکل سوار جانبر نہیں ہو سکا۔


پولیس کے مطابق گرنےو الے سائن بورڈ کی زد میں آنے والے ایک موٹر سائیکل پر سوار شاہ فیصل کالونی کے رہائشی کاشف اور عامر سوار تھے جب کہ دوسری موٹر سائیکل پر عزیز آباد کا رہائشی شاہد سوار تھا۔

دوسری جانب میئر کراچی نے ناظم آباد انڈر پاس میں بورڈ گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی، جس پر ڈی جی ٹیکنیکل سروسز نے ابتدائی رپورٹ پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ نشے کے عادی افراد کی جانب سے محسن بھوپالی انڈر پاس کے سریے کاٹے جانے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، رپورٹ کے مطابق نشے کے عادی افراد نے بورڈ کو مضبوط کرنے والا سریا بھی کاٹا ۔

رپورٹ پر میئر کراچی نے کے ایم سی افسران اور عملے کو پابند کیا کہ وہ ایسے افراد کے خلاف سخت ایکشن لیں ۔ شہری بھی انڈر پاسز اور پلوں سے سریا چُرانے والے افراد کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
Load Next Story