20 خواتین کرکٹرز کیلئے پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان

ویمنز کرکٹرز کے بھی معاوضوں میں اضافہ

ویمنز کرکٹرز کے بھی معاوضوں میں اضافہ (فوٹو: فائل)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تقریباً 2 سال کیلئے 20 ویمنز کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان کردیا۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انوشے ناصر، ایمان فاطمہ، شوال ذوالفقار اور ام ہانی پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والی پلئیرز ہیں۔

سینٹرل کنٹریکٹ کی مدت 23 ماہ کیلئے ہوگی جس کا آغاز یکم اگسٹ سے جون 2025 تک ہوگا جبکہ ایک سال بعد کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ کراچی میں جاری جنوبی افریقہ سیریز کے کیمپ کے دوران دیئے گئے جس پر انہوں نے دستخط کیے، انوشے ناصر، ایمان فاطمہ، شوال ذوالفقار اور نجیہہ علوی نے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی ہیں جبکہ ام ہانی نے گزشتہ سال آئرلینڈ کے خلاف اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔

مزید پڑھیں: جنوبی افریقی ویمنز ٹیم پاکستان پہنچ گئی، صدارتی پروٹوکول دیا جائیگا

گزشتہ سال بھی 20 کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دیے گئے تھے، ان کرکٹرز کو چار کیٹگریز اے، بی، سی اور ڈی میں تقسیم کیا گیا ہے، ڈی کیٹگری کو ایمرجنگ کیٹگری کی حیثیت حاصل ہوگی۔

کپتان ندا ڈار اور بسمہ معروف نے اے کیٹگری میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے، آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی بیٹرز میں 535 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود سدرہ امین سینٹرل کنٹریکٹ میں سی کیٹگری سے اے کیٹگری میں آگئی ہیں۔

بورڈ نے اے کیٹگری میں سلیکٹ ویمنز کرکٹرز کے معاوضے میں بھی 19 فیصد اضافہ کیا ہے۔


بی کیٹگری کے معاوضے میں 32 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، اس کیٹگری میں 4 کرکٹرز منیبہ علی، فاطمہ ثنا، نشرہ سندھو اور عالیہ ریاض شامل ہیں۔ سی کیٹگری میں وکٹ کیپر سدرہ نواز نے اپنی جگہ برقرار رکھی ہے جبکہ غلام فاطمہ اور سعدیہ اقبال ترقی پاکر ڈی سے سی میں آئی ہیں۔ ڈیانا بیگ جو پہلے بی کیٹگری میں تھیں اب سی کیٹگری میں ہیں۔ وہ گزشتہ سال کندھے اور انگلی کی انجری کی وجہ سے زیادہ تر ٹیم سے باہر رہی تھیں۔

عمیمہ سہیل بھی تنزلی کے بعد بی سے سی کیٹگری میں آگئی ہیں، سی کیٹگری کے معاوضے میں 19 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پی سی بی کا پہلی مرتبہ ویمنز کرکٹرز کیلئے ڈومیسٹک کنٹریکٹس دینے کا اعلان

ڈی کیٹگری میں جسے ایمرجنگ کیٹگری کہا جاتا ہے جس میں 8کرکٹرز شامل ہیں جن میں لیگ اسپنر طوبی حسن اور بائیں ہاتھ کی بیٹر صدف شمس نے اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔ اس کیٹگری میں لیفٹ آرم اسپنر انوشے ناصر اور بیٹرز ایمان فاطمہ اور شوال ذوالفقار نے پہلی بار کنٹریکٹ حاصل کیا ہے یہ آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی20 ورلڈکپ میں کھیلی تھیں۔

نجیہہ علوی اور ام ہانی بھی ڈی کیٹگری کا حصہ ہیں، سیدہ عروب شاہ نے ایک بار پھر سینٹرل کنٹریکٹ میں جگہ بنائی ہے وہ آئی سی سی انڈر19 ویمنز ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی کپتان تھیں۔

اسی طرح بورڈ نے ڈی کیٹگری کے معاوضے میں 21 فیصد اضافہ کیا ہے۔

دوسری جانب انعم امین، گل فیروزہ، ارم جاوید، جویریہ خان اور کائنات امتیاز سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں ان پانچوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ دیے گئے ہیں جبکہ عائشہ نسیم ریٹائر ہوچکی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ون ڈے میں کھلاڑیوں (پلیئنگ اور نان پلیئنگ دونوں) کی میچ فیس میں 100 فیصد اضافہ کردیا ہے جبکہ ٹی20 انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 50 فیصد اضافہ پلیئنگ اور نان پلیئنگ دونوں کھلاڑیوں کے لیے کیا گیا ہے۔

Load Next Story