اس ٹیکنالوجی کو این ایکس ٹی پیپر کا نام دیا گیا ہے جو عام اسمارٹ فون کی طرح تمام رنگوں کو اچھی طرح دکھاتی ہے جسے برقی کاغذ بھی کہا جاسکتا ہے۔ ٹی سی ایل ایک عرصے سے پیپر ڈسپلے ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہے اور مزید بہتر ڈسپلے کے ساتھ اب دو اسمارٹ فون پیش کیے ہیں۔
تین سال قبل اسی کمپنی نے 8 انچ کا ٹیبلٹ پیش کیا تھا جس سے بلیو لائٹ کا اخراج نہ ہونے کے برابر تھا۔ ایک جانب تو یہ آنکھ میں تکلیف یا طبی نقصان کی وجہ نہیں بنتا تو دوسری جانب اس میں تمام رنگ اپنی آب و تاب کے ساتھ دیکھے جاسکتے ہیں۔ اس طرح پہلے ان رنگوں کو دکھانا کسی بھی ای اِنک ٹیکنالوجی سے ممکن ہی نہ تھا۔
ٹی سی ایل کے انجینیئر بتاتے ہیں کہ انہوں نے ایل ای ڈی سے نیلی روشنی کے اخراج کو کچھ اس طرح تبدیل کیا ہے کہ وہ کسی بھی طرح بصارت کو متاثر نہیں کرتا۔ اندازہ ہے کہ اس سے بلیو روشنی کا اخراج 61 فیصد تک کم ہوتا ہے اور اسکرین کے معیار پر کوئی فرق نہیں ہوتا۔
پھر کسی بھی زاویے اور روشنی میں دیکھنے سے اسکرین ڈسپلے متاثرنہیں ہوتا جس کے لیے کاغذ جیسے ڈسپلے پر نینوجسامت کی ایک تہہ بھی بچھائی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق مجاز اداروں نے سند دے کر ان کی ٹیکنالوجی کی بصارت دوست ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اسمارٹ فون کی دیگر تفصیلات کے مطابق این ایکس ٹی پپیر والے ان ڈیوائسس میں 6.6 انچ اسکرین، 8 ایم پی سیلفی کیمرہ، 720 x 1,612 ریزولوشن ڈسپلے، 6 جی بی ریم، اوکٹا کور پروسیسر، 256 جی بی اسٹوریج، اور بلیوٹوتھ اور وائی فائی کے جدید اسٹینڈرڈ شامل ہیں۔ دوسرا ماڈل اس سے کچھ بہتر ہے اور بڑا ڈسپلے لگایا گیا ہے۔
توقع ہے کہ اسے اکتوبر2023 میں ریلیز کیا جائے گا اور قیمت لگ بھگ 315 ڈالر تک ہوسکتی ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔