امریکا کی پاکستان کو معاشی استحکام اور آئی ایم ایف معاملات پر تعاون کی یقین دہانی

امریکی سفارت کار کا پاکستان کے قوانین اور آئین کے مطابق بروقت، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات پر بھی زور دیا


ویب ڈیسک August 30, 2023
امریکا نے پاکستان کو معیشت کے استحکام کے لیے مدد کی یقین دہانی کرائی، فوٹو: فائل

امریکا کی ڈپٹی سیکرٹری آف اسٹیٹ وکٹوریہ نولینڈ نے کہا ہے کہ پاکستان کو معیشت کے استحکام اور آئی ایم ایف کے ساتھ مسلسل رابطے سے متعلق تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سفارت کار وکٹوریہ نولینڈ نے یہ یقین دہانی پاکستان کے نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ٹیلی فونک گفتگو میں کرائی اور انھیں وزارت کا قلمدان سنبھالنے پر مبارک باد بھی دی۔

گفتگو کے دوران امریکہ اور پاکستان کی شراکت داری کو وسیع اور گہرا کرنے، پاکستان کے معاشی استحکام و خوشحالی اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی سفارت کار نے پاکستان کے قوانین اور آئین کے مطابق بروقت، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ تعلقات اور پاکستان کے معاشی استحکام، سلامتی اور خوشحالی کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔

امریکی سفارت کار نے یقین دلایا کہ امریکا معیشت کے استحکام اور آئی ایم ایف سے روابط میں پاکستان کی ہر ممکن مدد کرے گا۔

امریکی سفارت کار کی پاکستان کے نگراں وزیر خارجہ سے گفتگو پر امریکی ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ بات چیت پاکستان کے معاشی استحکام، خوشحالی اور آئی ایم ایف کے ساتھ اس کی مسلسل مصروفیت پر مرکوز تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ خلیل عباس جیلانی آئندہ ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہونے والے 78ویں اجلاس میں شرکت کے لیے عبوری وزیراعظم کے ہمراہ امریکا جائیں گے۔

آئی ایم ایف نے گزشتہ ماہ معاشی استحکام کے پروگرام کے تحت پاکستان کے لیے 3 بلین ڈالر کے 9 ماہ کے اسٹینڈ بائی انتظامات کے لیے ہامی بھری تھی۔

آئی ایم ایف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بورڈ نے پاکستان کے لیے 2.25 بلین ڈالر کے خصوصی ڈرائنگ رائٹس کی رقم کے لیے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دی ہے۔

گزشتہ ہفتے نگراں وزیر خزانہ شمشاد مرزا نے آئی ایم ایف کے عملے کے مشن کے ساتھ تعارفی میٹنگ بھی کی تھی جس میں انھوں نے آئی ایم ایف کو معاہدے پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی تھی۔

خیال رہے کہ دونوں فریقین کے پاس پروگرام کے نفاذ کی ایک غیر رسمی اپ ڈیٹ تھی جس میں اکتوبر یا نومبر کے اوائل میں ہونے والے دوسرے سہ ماہی جائزے کی کامیابی سے تکمیل کے لیے ضروری ساختی معیارات پر خصوصی زور دیا گیا تھا۔

پاکستان کی آئی ایم ایف کی اگلی قسط کےطور پر ستمبر کے آخر کے اعداد و شمار کی بنیاد پر تقریباً 710 ملین ڈالر کی تقسیم کو محفوظ بنائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں