سندھ میں رہائشی اور کمرشل تعمیرات کے نقشوں کی منظوری پرعائد پابندی ختم

نقشوں اور پلان پر پابندی غیر قانونی تعمیرات کو روکنے کے لیے لگائی تھی ، صوبائی وزیربلدیات محمد مبین جمانی


Staff Reporter August 30, 2023
فوٹو: فائل

نگراں حکومت نے رہائشی اور کمرشل تعمیرات کے نقشوں کی منظوری پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

نگراں صوبائی وزیر بلدیات محمد مبین جمانی کہا ہے کہ آج سے ہم نے تمام رہائشی اور کمرشل نقشوں پر عائد پابندی کا خاتمہ کردیا ہے اور تمام قانونی رہائشی اور کمرشل نقشوں اور پلان کی منظوری دینے کی ایس بی سی اے کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی نقشوں اور پلان کی کسی صورت منظوری نہیں ہوگی اور اس حوالے سے کوئی بھی شکایات ملی تو متعلقہ افسر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کراچی میں غیر قانونی عمارتوں کے سروے کی آج ایک بار پھر دوبارہ سے ڈی جی ایس بی سی اے کو ہدایات جاری کی ہیں تاکہ جن اضلاع میں ایسی عمارتیں قائم ہوئی ہیں تو اس وقت کے افسران کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔

صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ غیر قانونی عمارتوں کو ریگولائیز نہیں کیا جارہا بلکہ ایسی عمارتوں کا تھرڈ پارٹی انجنئیرز سے سروے کروا کر عوام کی جان و مال کو محفوظ بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ نجم احمد شاہ، اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نور احمدسموں، ڈی جی ایس بی سی اے محمد یاسین شر، ایس بی سی اے کے افسران و دیگر بھی شریک تھے۔

اجلاس میں نگراں صوبائی وزیر بلدیات محمد مبین جمانی نے کہا کہ ہم نے نقشوں اور پلان پر پابندی صرف اور صرف غیر قانونی تعمیرات کو روکنے کے لیے لگائی تھی تاہم اب تمام افسران کو سختی سے ہدایات دی ہے کہ اب ایک بھی غیر قانونی نقشے یا پلان کی منظوری دی گئی تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محمد مبین جمانی نے کہا کہ غیر قانونی عمارتوں کو قانونی کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ہم نے تمام غیر قانونی عمارتوں کی فہرست ضرور طلب کی ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ کون سے ڈسٹرکٹ میں کس دور میں کس افسر کی موجودگی میں یہ عمارتیں بنی ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے تمام افسران کی بھرپور کوشش ہونی چاہیے کہ ان کی مکمل توجہ عام شہریوں کی مجبوریوں اور مسائل کو کم سے کم کرنے پر ہو۔

محمد مبین جمانی نے کہا کہ ایس بی سی اے اپنے ون ونڈو سسٹم کو مزید فعال کرے تاکہ چھوٹے گھر بنانے والوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں