بلوچستان کی نگراں کابینہ میں مزید 6 وزرا شامل کابینہ اراکین کی تعداد 14 ہوگئی
نگراں وزرا نے حلف اٹھا لیے، تقریب میں وزیراعلیٰ، کابینہ اراکین سمیت دیگر شخصیات کی شرکت
August 30, 2023
بلوچستان کی نگراں صوبائی کابینہ میں مزید 6 وزرا کو شامل کرلیا گیا جنہوں نے حلف بھی اٹھا لیا۔
گورنر ہاؤس میں نئے وزرا کی حلف برداری کی تقریب ہوئی جہاں گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے وزراء سے حلف لیا۔ نگراں وزراء میں نوابزادہ جمال رئیسانی، سردار اعجاز جعفر اور شیخ محمود الحسن مندوخیل، امان اللہ کنرانی ،امیرمحمد جوگیزئی اور آصف رحمان شامل ہیں۔
حلف برداری کی تقریب میں نگراں وزیر اعلیٰ علی مردان ڈومکی، نگران وزرا، سابق اراکین اسمبلی سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔
نئے وزرا کی حلف برداری کے بعد بلوچستان کی نگراں کابینہ میں وزرا کی تعداد گیارہ ہوگئی جبکہ تین مشیر بھی کابینہ کا حصہ ہیں۔
نگراں وزرا کو محکمے تفویض
:نگراں وزیراعلی بلوچستان نے وزرا کو محکمے تفویض کر دیے، ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی صحت اور امان اللہ کنرانی قانون و پارلیمانی امور اور پراسیکیوشن کے نگران وزیر ہونگے۔ نوابزادہ جمال رئیسانی کھیل، امور نوجوانان اور ثقافت کے نگران وزیر ہوں گے۔
اسی طرح شیخ محمود الحسن مندوخیل کو بلدیات و دیہی ترقی، سردار اعجاز خان جعفر کو بلدیات و بہبود آبادی ، آصف الرحمان کو بین الصوبائی رابطہ کے نگران وزیر کے قلمدان سونپے گئے ہیں۔