بجلی بلوں کے معاملے پر جماعت اسلامی کا سپریم کورٹ جانے کا اعلان

ملک کے مختلف علاقوں میں گیارہویں روز بھی بجلی بلوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرے، بل نذر آتش


ویب ڈیسک August 30, 2023
(فوٹو فائل)

جماعت اسلامی نے بجلی کے بھاری بلوں کے معاملے پر سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا جبکہ خیبرپختونخوا بار کونسل نے بھی بلوں میں اضافے کے خلاف عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

کندھ کوٹ میں بجلی کی قیمت میں اضافے اور ٹیکسسز کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ ہم بلوں کے معاملے پر سپریم کورٹ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دو ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کے ذریعے حکومت کو فیصلہ لینے پر مجبور کریں گے، جماعت اسلامی عوام کیلیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ یہ بجلی کا بل نہیں بلکہ موت کا پروانہ ہے، پی ڈی ایم اور پی پی نے آئی ایم ایف سے غلط معاہدے کیے جس کا نتیجہ قوم بھگت رہی ہے۔

مزید پڑھیں: بجلی کے بل جتنے بھی آئیں ادائیگی کرنا پڑے گی، آئی ایم ایف کا حکومت کو دو ٹوک جواب

ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں بجلی بلوں میں اضافے کے خلاف گیارہویں روز بھی عوامی اور تاجروں کے احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔ جہاں صارفین نے بجلی کے بلوں کو آگ لگائی۔

لاہور میں کالا شاہ کاکو، جامع مسجد روڈ، سکھو موڑ راولپنڈی، سرگودھا، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ جبکہ حیدر آباد میں جمعیت علما پاکستان کے تحت مظاہروں میں مظاہرین نے بجلی بلوں کے خلاف احتجاج کیا اور بلوں کو احتجاج نذر آتش کیا۔

سول سوسائٹی کا کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

خیبرپختونخوا بار کونسل نے بجلی اور گیس بلوں میں اضافے کے خلاف عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

اسے بھی پڑھیں: آئی ایم ایف معاہدوں میں مزید سبسڈیز دینے کی گنجائش نہیں، نگراں وزیرخزانہ

بار کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بجلی اور گیس بلوں میں اضافہ کو مسترد کرتے ہیں، احتجاج کے طور پر کل وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے اور تمام عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کریں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام دو وقت کی روٹی کے لئے ترس رہے ہیں، بیوروکریٹس، ججز، جرنیلوں کے لئے مفت بجلی، گیس، پٹرول اور ہوائی سفر کی سہولت ختم کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں