گلشن اقبال میں ویگو ڈالا کمسن بچوں اور شہریوں کو روند کر فرار

سڑک پر گرے لوگوں پر سے گاڑی گزار کر فرار ہونے کی دلخراش ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، مقدمہ درج


Staff Reporter August 31, 2023
فوٹو: ویڈیو گریب

گلشن اقبال میں ویگو نے سڑک پر کھڑے کئی شہریوں کو روند ڈالا، دلخراش ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گلشن اقبال تکون پارک کے قریب سیاہ رنگ کی ویگو میں سوار اناڑی ڈرائیور کی گاڑی سے لوگوں کو ٹکر مارنے اور سڑک پر گرے ہوئے لوگوں پر سے گاڑی گزار کر فرار ہونے کی دلخراش ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

حادثے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم واقعہ میں ایک شخص، اسکی 2 کمسن بیٹیاں اور بھانجی شدید زخمی ہوگئیں۔ ویگو کا ڈرائیور جس خطرناک انداز میں موقع سے فرار ہوا اس میں بھی کئی افراد حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچے۔

پولیس تاحال حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کا سراغ نہیں لگا سکی ، گلشن اقبال پولیس نے زخمی ہونے والے سجاد حسین کی مدعیت میں نامعلوم ویگو کے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

vigo dala

لیاقت نیشنل اسپتال میں زیر علاج مدعی مقدمہ سجاد حسین نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ گلستان جوہر بلاک 10 یاسر ٹیرس فیز ون میں رہائش پذیر ہیں اور 27 اگست کو اپنی بہن، 2 بیٹیوں اور چھوٹی بھانجی کے ہمراہ اتوار بازار گلشن اقبال آئے تھے جہاں انکی بہن خریداری کے لیے اتوار بازار چلی گئی جبکہ وہ خود اپنی دونوں بیٹیوں اور بھانجی کو لیکر قریبی پارک آگئے۔

بعدازاں بہن کی کال آئی کہ وہ خریداری کر کے واپس آگئی ہیں جس پر وہ پارک سے نکل کر جیسے ہی گاڑی کی جانب جانے لگے تو نامعلوم سمت سے ایک ویگو گاڑی آئی جو ہم سب کو کچلتی ہوئی نکل گئی اور اس دوران وہ بے ہوش ہوگئے اور جب ہوش آیا تو وہ اسپتال میں موجود تھے۔

انہوں نے بتایا کہ میرے سر کے نیچے اندرونی چوٹیں آئی ہیں اور بائیں ٹانگ کی دونوں ہڈیاں ٹوٹ گئی ہیں جبکہ میری 4 سالہ بیٹی حورین کی بائیں ٹانگ، ٹخنہ اور سر کے پچھلے حصے میں چوٹیں آئیں۔ میری دوسری بیٹی 7 سالہ حانیہ کی بائیں جانب پسلیوں اور آنکھ نیچے اور تھوڑی پر زخم آیا ہے جبکہ میری بھانجی 5 سالہ حمنہ کی ناک ، سر، بائیں پاؤں سے لیکر ٹانگ کے اوپر تک چوٹیں آئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں