ڈالر کی پرواز بلند تر اوپن مارکیٹ 323 انٹربینک میں 305 روپے سے تجاوز کرگیا

کرنسی ایکسچینج مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی اُڑان جاری، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل مندی کا رجحان

(فوٹو: فائل)

ڈالر کی روپے کے مقابلے میں قدر بڑھنے کا رجحان تیز رفتاری اور تسلسل کے ساتھ جاری ہے، جس کے نتیجے میں آج بھی ڈالر کرنسی ایکسچینج کی دونوں مارکیٹوں میں بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

کاروباری ہفتے کے مسلسل چوتھے روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر 65 پیسے اضافے سے 305.09 روپے کی نئی بلند ترین سطح سے شروع ہوئی اور اختتام پر 1 روپے 9 پیسے اضافے سے 305 روپے 53 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔


دریں اثنا اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی اُڑان کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعرات کے روز روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں یکدم ساڑھے تین روپے کا اضافہ ہوگیا، جس سے ڈالر اوپن مارکیٹ میں 323 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی کاروبار کے آغاز ہی سے مندی کا رجحان ہے۔ جمعرات کے روز پی ایس ایس میں 233 پوائنٹس کی مندی سے کاروبار شروع ہوا تو کے ایس ای 100 انڈیکس گھٹ کر 46011 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

بعد ازاں بازار حصص میں گراوٹ کا رجحان جاری رہا اور 525 پوائنٹس کی مندی سے کے ایس ای 100 انڈیکس گھٹ کر 45719 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
Load Next Story