نوازشریف آج دو روزہ دورے پر ایران جارہے ہیں

پاکستان اور ایران میں نئی حکومتوں کے قیام کے بعداعلیٰ قیادت کی سطح پریہ پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔

فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
وزیراعظم نوازشریف ایران کے صدرحسن روحانی کی دعوت پرآج(اتوارکو) 2 روزہ سرکاری دورے پرایران روانہ ہوں گے۔

پاکستان اور ایران میں نئی حکومتوں کے قیام کے بعداعلیٰ قیادت کی سطح پریہ پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کاوفد بھی ہوگا جس میںخارجہ امورکے مشیرسرتاج عزیز، معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیر پٹرولیم شاہدخاقان عباسی، وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ شامل ہیں۔ دورے کے دوران وزیراعظم نوازشریف ایرانی صدرحسن روحانی اورروحانی پیشواآیت اللہ خامنہ ای سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔


اس کے علاوہ دوطرفہ تعلقات اورعلاقائی وبین الاقوامی ترقی کے باہمی مفادکے مواقع کابھی جائزہ لیاجائے گا۔ متعددشعبوں میں دوطرفہ دلچسپی کے کئی مفاہمتی معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ اس دورے کے دوران پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دورے سے دونوںملکوں کے درمیان مستقبل میں تعلقات میں مزیداضافہ ہوگا۔ تہران میں نوازشریف کے اس اہم دورے کے حوالے سے جوش وخروش پایاجاتا ہے۔

وزیراعظم ایرانی صدرحسن روحانی اور دیگراعلیٰ حکام کے ساتھ سعودی عرب اورایران کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کے ممکنہ خاتمے پربھی بات کریں گے۔ سفارتی ذرائع نے بتایا کہ حسن روحانی کی سربراہی میں ایران کی سیاسی قیادت کی خواہش ہے کہ جس طرح امریکا کے ساتھ باہمی تناؤمیں کمی واقع ہوئی ہے اسی طرح سعودی عرب کے ساتھ بھی دوطرفہ معاملات میں بہتری آئے۔ ذرائع کے مطابق ایرانی وزیرداخلہ کے حالیہ دورہ اسلام آباد میں بھی اس اہم معاملے پر تفصیل سے بات چیت ہوئی۔
Load Next Story