اداکارہ منشا پاشا کو آف لوڈ کرنے کیخلاف درخواستیں منظور

ایف آئی اے کے اہلکاروں کے خلاف انکوائری کی جائے، درخواست میں استدعا

منشا پاشا اور ان کے شوہر جبران ناصر نے اسٹاپ لسٹ سے نام نکلوانے کیلیے عدالت سے رجوع کیا تھا:فوٹو:فائل

سندھ ہائی کورٹ نے اداکارہ منشا پاشا اور ان کے شوہر جبران ناصر ایڈوکیٹ کو آف لوڈ کرنے کیخلاف درخواستیں منظور کرلیں۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے منشاء پاشا اور ان کے شوہر جبران ناصر کو آف لوڈ کرنے کیخلاف درخواستوں پر فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے جبران ناصر اور انکی اہلیہ منشا پاشا کی درخواستیں منظور کرلیں۔


جبران ناصر اور منشا پاشا نے نام اسٹاپ لسٹ سے نکالنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ دائر درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 27 جون 2023 کو اپنے اہلخانہ کے ساتھ عید کی تعطیلات گزارنے جارہے تھے۔ امیگریشن ڈیسک پر پہنچے تو ایگزٹ اسٹمیپ لگا کر واپس بھیج دیا گیا۔ ڈیوٹی پر موجود افسر نے بتایا کہ ہدایت ہے کہ آپ کو نہیں جانے دینا۔ سامان بھی آف لوڈ کردیا گیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ جبران ناصر کو یکم جون کو 10 سے 15 نامعلوم افراد نے اغوا کیا۔ اغوا کا مقدمہ کلفٹن تھانے میں درج کرایا گیا جو اے کلاس کردیا گیا۔ ملک سے باہر جانے سے روکنے کو غیر قانونی قرار دیا جائے اور ایف آئی اے کے اہلکاروں کیخلاف انکوائری کا حکم دیا جائے۔
Load Next Story