عمران خان اپنے تکبر کی سزا بھگت رہا ہے جمال شاہ

چیئرمین پی ٹی آئی کے کینسر اسپتال کے لیے اپنی بنائی گئی پینٹنگز نیلام کرکے کرڑوں روپے بطور عطیہ دیے، وفاقی وزیر


Zulfiqar Baig August 31, 2023
فوٹو: ایکسپریس

وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ وثقافت جمال شاہ کہنا ہے کہ عمران خان کی والدہ کے نام پر بننے والے اسپتال کے لیے اپنی بنائی گئی قیمتی تصاویر ( پینٹنگز) نیلام کرکے کرڑوں روپے بطور عطیہ دیے، لیکن شہرت ملنے کے بعد عمران خان سب کچھ بھول گیا ہے۔

ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کے سیاست میں آنے سے پہلے میں سیاست میں تھا، عمران خان اپنی ذات سے زیادہ کسی کو اہمیت نہیں دیتا، اور آج اپنے اسی تکبر کی سزا بھگت رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک جماعت نے میرے خلاف محاذ قائم کررکھا ہے ، پی ٹی آئی کے لوگوں نے میرے خلاف سوشل میڈیا پر مختلف باتیں مشہور کررکھی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے جمال شاہ نے کہا کہ عمران خان احسان فراموش شخص ہے، کینسر اسپتال کے لیے عمران خان نے رابطہ کیا تو میں نے اپنی تصاویر ( پینٹنگز ) نیلام کرکے کروڑوں روپے جمع کرکے دیے لیکن وہ سب کچھ بھول گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں جب کالج میں پڑھتا تھا تو اس وقت عمران خان نائٹ کلبوں میں سو یا ہوتا تھا، میں کالج کے دور میں سیاست میں حصہ لیتا تھا تاکہ عوام کی آواز کو بلند کرسکوں، آج عمران خان تکبر کا مجسمہ بنا ہوا ہے، وہ کسی بھی دور میں اپنے مطلب کے بغیر بات نہیں کرتا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پچیس کروڑ کی آبادی میں سنیما ہاؤس نہ ہو نے کے برابر ہیں ۔ جمال شاہ نے کہا کہ لوک ورثہ اور پی این سی اے میں نئے جدید سنیما ہاؤس قائم کیے جائیں گے اور نوجوانوں کے لیے نئے پروجیکٹس لائے جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ مل کر فلم سازی کی جائے گی۔ باغ شہدا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ باغ شہدا میں پاکستان آرمی، ایئرفورس اور دیگر شہدا کی تصاویر لگائی اور ایک یاد گار بنائی جائے گی جس پر علاقائی زبانوں میں تحریریں لکھی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں