اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5 روپے بڑھ کر 328 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
انٹربینک مارکیٹ میں قیمت میں معمولی کمی، 7 پیسے کی کمی کے بعد 305 روپے 46 پیسے کی سطح پر بند
ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جمعہ کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5 روپے کی بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے 328 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر 7 پیسے کی کمی سے 305 روپے 46 پیسے کی سطح پر آئی تاہم بعد میں کمی و بیشی کا رجحان جاری رہا، دوپہر تک ڈالر کی قیمت 27 پیسے اضافے کے ساتھ 305 روپے 80 پیسے کی سطح پر آگئی تھی تاہم شام کو مارکیٹ بند ہونے تک انٹربینک کی قیمت 7 پیسے کی کمی سے 305 روپے 46 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
دریں اثنا اوپن مارکیٹ میں ڈالر نے آج لمبی چھلانگ لگائی اور 5 روپے کے اضافے سے 328 روپے کی بلند ترین سطح پر آ گیا۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی سے کاروبار کا آغاز ہوا اور 14 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 100 انڈیکس گھٹ کر 44988 پوائنٹس کی سطح پر آ گئے۔ بعد ازاں پہلے سیشن کے اختتام تک پی ایس ایکس میں 23 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 100 انڈیکس بڑھ کر 45026 پوائنٹس کی سطح پر آ گئے۔