خلیجی تعاون کونسل کے سربراہ کی یمن آمد پر حوثی باغیوں کا میزائل حملہ

طویل عرصے سے خاموش حوثی باغیوں نے ایک بار پھر عسکری کارروائیوں کا آغاز کردیا

طویل عرصے سے خاموش حوثی باغیوں نے عسکری خکارروائیاں شروع کردیں۔ فوٹو:ٹوئٹر

خلیجی تعاون کونسل کے سربراہ جاسم محمد البدوی یمن پہنچ گئے اور اُسی وقت حوثی باغیوں نے شہر مارب پر چار میزائل داغ کر اپنے غصے کا اظہار کیا۔

عرب میڈیا کے مطابق یمن میں سعودی اتحادی فوجیوں سے نبرد آزما حوثی باغیوں نے شہر مارب میں چار میزائل داغے جو بے گھر افراد کے کیمپوں کے نزدیک گرے۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

یمن میں حوثی باغیوں نے طویل خاموشی کے بعد ایک بار پھر عسکری کارروائی ہے اور حملے کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ یہ عین اس وقت ہوا جب خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد یمن کے بندرگاہی شہر عدن پہنچے ہیں۔

خلیجی تعاون کونسل کے سربراہ جاسم محمد البدوی کا یمن کا دورہ حوثی مخالف صدارتی لیڈرشپ کونسل کی حمایت کرنا ہے۔ اس سے قبل جی سی سی نے عالمی برادری پر زور دیا تھا کہ وہ یمنی شہریوں کو حوثیوں کی جارحیت سے بچائے۔


خلیجی تعاون کونسل کے اس کردار اور بیان پر حوثی باغیوں کے رہنماؤں نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ تنظیم یمن کے معاملے پر پارٹی نہ بنے۔ جاسم محمد البدوی کی آمد پر میزائل حملہ اسی تناؤ کی جانب اشارہ کرتا ہے۔

دوسری جانب یمن کے سعودی حمایت یافتہ حکومت کا کہنا ہے کہ جی سی سی ایک دہائی سے یمن میں کشیدگی کو کم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس کی امن کوششوں کے نتیجے میں اقتدار کی دو بار منتقلی بھی ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ 2011 میں خلیجی تعاون کونسل کی ثالثی میں سابق یمنی صدر علی عبداللہ صالح نے اپنے نائب عبد ربو منصور ہادی کو اقتدار سونپ دیا تھا۔

اسی طرح جی سی سی 2022 میں بھی سعودی عرب میں مشاورت کے لیے یمن کے سیاسی، مذہبی، سماجی اور قبائلی نمائندوں کو ایک ہی فورم پر اکٹھا کرنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔

سعودی عرب میں ہونے والے اس اجلاس کے نتیجے میں یمن میں صدارتی لیڈرشپ کونسل کی تشکیل ہوئی تھی اور حکومتی ڈھانچہ طے پایا تھا۔
Load Next Story