وزیراعظم کی زرعی اجناس کی اسمگلنگ میں ملوث افسران کی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت
کسٹمز حکام ملک میں چینی، پٹرولیم مصنوعات، یوریا، زرعی اجناس اور دیگر اشیا کی اسمگلنگ روکیں، انوار الحق کاکڑ
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کسٹمز حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملک میں چینی، پٹرولیم مصنوعات، یوریا، زرعی اجناس اور دیگر اشیاء کی اسمگلنگ کے سد باب اور اسمگلنگ میں ملوث سرکاری افسران کی انٹر ایجنسی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔
پاکستان میں اسمگلنگ اور اس کے سدباب کے حوالے سے اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو پورے ملک بلخصوص سرحدوں پر مختلف اشیا کی اسمگلنگ کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس بتایا گیا کہ بلوچستان میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی 10 اضافی جوائنٹ چیک پوسٹس نوٹیفائی کر دی گئی ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم کو اسمگلنگ میں ملوث سرکاری افسران کے بارے میں بھی بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیراعظم نے ہدایت جاری کی کہ بلوچستان میں اسمگلنگ میں ملوث سرکاری افسران کی انٹرایجنسی رپورٹ مرتب کی جائے، ان کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کی کارکردگی جانچنے کے لیے ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی خود صدارت وہ خود کریں گے۔