اسلام آباد میں ڈاکو راج سرکاری افسر اور رینجرز اہلکار سمیت 5 افراد لٹ گئے

اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں مسلح افراد موبائل اور نقدی چھین کر فرار ہوئے، پولیس

(فوٹو: فائل)

اسلام آباد میں رینجرز اہلکار اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت پانچ افراد کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ سنبل کے علاقے میں تین موٹر سائیکل پر سوار ڈکیتوں سرکاری افسر سرفراز خان سے قیمتی موبائل اور اٹھارہ ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے۔


اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن کی حدود میں اپنے بھائی کی شادی کا سامان لے کر گھر جانے والے رینجرز اہلکار کو بھی ڈاکوؤں نے موبائل اور نقدی سے محروم کیا جبکہ تھانہ کراچی کمپنی کی حدود سے الیاس لبھا نامی شخص سے ڈاکو موبائل و نقدی چھین کر فرار ہوئے۔

تھانہ رمنا کے علاقےمیں انضمام نامی شہری سے موبائل فون چھینا گیا جبکہ تھانہ لوہی بھیر کی حدود میں عبدالقدیر نامی شخص سے 3 لاکھ روپے مالیت کے موبائل چھینے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اسٹریٹ کرائم کی بیشتر وارداتوں میں افغانی باشندے ملوث ہیں اور وہ پہلے سے زیادہ متحرک ہوگئے ہیں۔
Load Next Story