جیو نے 8 گھنٹے آئی ایس آئی کے سربراہ کی تصویر دکھا کر دشمنوں کو موقع دیا شہبازشریف

حکومت آزادی صحافت پر قدغن کا سوچ بھی نہیں سکتی کاش جیو اور جنگ گروپ ایسا نہ کرتا، وزیر اعلیٰ پنجاب

حکومت آزادی صحافت پر قدغن کا سوچ بھی نہیں سکتی۔، شہباز شریف فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کہتے ہیں کہ جیو نے 8 گھنٹے آئی ایس آئی کے سربراہ کی تصویر لگا کر صرف اور صرف دشمنوں کو موقع دیا کاش وہ ایسا نہ کرتا۔

لاہور میں سیمینار سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں اندھیرے چھاگئے، موجودہ حکومت نے ملک کی ترقی کا سفر ایک مرتبہ پھر شروع کیا ہے، ریلیاں لیلیاں نکالنے والے پاکستان کی ترقی نہیں چاہتے؟ لیکن اب ترقی کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرایک پائی کی کرپشن کا الزام بھی نہیں، عمران خان کو غریبوں کا اتنادرد ہے تو وہ اپنا محل چھوڑیں میں بھی چھوڑتا ہوں، وہ عوام کی عدالت میں جانے کو تیار ہیں، ابھی انتخابات میں وقت ہے، ہم قومی کی امیدوں پر پورے نہ اترے تو عوام خود ہی ہمیں مسترد کردیں گے۔ اور اگر وہ عوام کی عدالت میں ہارگئے تو سیاست چھوڑ دیں گے۔ عمران خان جو کررہے ہیں وہ کرکٹ نہیں کچھ اور ہے، درحقیقت وہ بال ٹیمپرنگ کرکے قوم کی ترقی کا راستہ روک رہے ہیں۔ طاہرالقادری کی سیاست کی ابتدا ہی ہارس ٹریڈنگ سے ہوئی، وہ سرد ہواؤں میں خواب دیکھتے ہیں اور پھر شیرخوار بچوں اور عورتوں کو سڑکوں پرلاتے ہیں۔


وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حامد میر پر قاتلانہ حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس سلسلے میں عدالتی تحقیقات ہورہی ہے جلد ہی اس سازش میں ملوث افراد کے چہرے سامنے آئیں گے ، جس کے بعد کسی میں بھی صحافی برادری کی طرف میلی نظر سے دیکھنے کی جرات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آج صحافت آزد ہے تو اس کی وجہ اس شعبے سے وابستہ افراد کی جانب سے دی گئی قربانیاں ہیں، حکومت آزادی صحافت پر قدغن کا سوچ بھی نہیں سکتی، 8 گھنٹے آئی ایس آئی کے سربراہ کی تصویر لگا کر اور کچھ نہیں تو دشمنوں کو موقع دیا گیا، کاش جیو اور جنگ گروپ ایسا نہ کرتا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے، دشمن ہماری جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ ملک میں بسنے والے تمام پاکستانی اس مٹی کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں لیکن سب کا نکتہ نظر مختلف ہے۔ پاکستان اور بھارت کے غم ایک ہیں، کیا پانی اور کشمیر سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے بھارت سے چوتھی جنگ کرنی ہے، بھارت کے ساتھ تمام مسائل آہستہ آہستہ حل ہوسکتے ہیں لیکن اس کے لئے قوم کو محنت کرنا ہوگی۔ اگرہم نے محنت نہ کی تو قیامت تک کشمیرہمارا نہیں بنے گا اور اگرپاکستان چین کی طرح طاقتوربن گیا تو کشمیرپاکستان کی جھولی میں گرے گا۔
Load Next Story