قبرص میں 6 اسرائیلی اجتماعی زیادتی کے الزام میں گرفتار
قبرص میں مشہور سیاحتی مقام آئیا ناپا میں 6 اسرائیلی شہریوں کو ایک برطانوی سیاح خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہمیں واقعے کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں جس میں 6 اسرائیلیوں کو ایک برطانوی سیاح کے ساتھ مبینہ زیادتی کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
اسرائیلی وزارت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ اسرائیلی سفارت خانے کو مطلع کر دیا گیا ہے اور اسرائیلی قونصل مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔
دوسری جانب قبرص کے خبررساں اداروں کا کہنا ہے کہ ایک عدالت نے ملزمان کو آئیا ناپا میں ایک سیاح کے ساتھ مبینہ زیادتی کی تحقیقات تک حراست میں لینے کا حکم دیا ہے جبکہ راٹرز نے اپنی علیحدہ رپورٹ میں پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سیاح کی شناخت ایک برطانوی خاتون کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون نے شام کو پولیس کو شکایت درج کروائی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ آئیا ناپا میں واقع اس کے ہوٹل میں دن کے وقت اس پر جنسی حملہ کیا گیا۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان، جنہیں مبینہ زیادتی کے الزام میں حراست میں لیا گیا، اسرائیلی شہری ہیں جن کی عمریں 19 اور 20 سال ہیں۔
واضح رہے کہ 2019 میں بھی ایک برطانوی خاتون نے قبرص میں ہی پولیس کو 12 اسرائیلی مردوں اور لڑکوں کی جانب سے زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کی اطلاع دی تھی۔