کے الیکٹرک مافیا ہے جسے ہر حکومت اورحکمراں پارٹی نے سپورٹ کیا حافظ نعیم الرحمان

عوام سے لوٹ مار کے خلاف گورنر ہاؤس پر دھرنا دے گی، امیر جماعت اسلامی

—فوٹو: ایکسپریس نیوز

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کے الیکٹرک مافیا ہے جسے ہر حکومت اورحکمراں پارٹی نے سپورٹ کیا اور 18 سالہ نا اہلی و ناقص کارکردگی کے باوجود کے الیکٹرک کو کراچی کے عوام پر دوبارہ مسلط کیا جا رہا ہے۔

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے خلاف صرف جماعت اسلامی نے عوام کا مقدمہ لڑا ہے، عوام سے لوٹ مار کے خلاف گورنر ہاؤس پر دھرنا دے گی، کے الیکٹرک ہیڈ آفس اور اس کی آئی بی سیز پر احتجاجی مظاہرے کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک مافیا اور اس کی سرپرستی کرنے والوں سے نجات کے لیے لانگ مارچ اور ٹرین مارچ کا آپشن بھی زیر غور ہے، ملک اور قوم کو لوٹنے اور تباہ کرنے والوں کے خلاف مزاحمت اور جدو جہد تیز کی جائے گی۔


نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام کو فوری ریلیف اور مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان کی تجاویز پر عمل کیا جائےپی ڈی ایم کی حکومت سمیت ماضی کی تمام حکومتیں آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے کے جرم میں برابر کی شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان آئی پی پیز کی پیداواری صلاحیت 41ہزار میگا واٹ ہے اور ان سے اسی پیدواری صلاحیت کے مطابق معاہدہ ہے لیکن 9ہزار میگا واٹ بجلی وہ ہے جو ہم استعمال نہیں کرتے لیکن اس کی ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو 15 برس ہوگئے لیکن کراچی میں کھلے مین ہولز اور گٹروں کے ڈھکن تک نہ لگا سکی، کھلے مین ہولز میں گر کر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے واقعات آئے دن رونما ہوتے رہے ہیں، ایک رپورٹ کے مطابق رواں برس آٹھ نو ماہ کے دوران خواتین اور بچوں سمیت تقریباً 70افراد ان کھلے مین ہولز کے باعث لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
Load Next Story