خیبرپختونخوا میں چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کیلیے ٹاسک فورس قائم
صوبے میں چینی کا کوئی بحران نہیں بلکہ وافر اسٹاک موجود ہے، ڈائریکٹر محکمہ فوڈ
محکمہ فوڈ کے ڈائریکٹر یاسر حسین نے صوبے میں چینی کی قلت کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کوئی بحران نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر فوڈ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پورے صوبے کی سالانہ چینی کی ضرورت 9 لاکھ 79 ہزار میٹرک ٹن ہے، صوبے میں ایک لاکھ 90 ہزارمیٹرک ٹن کے قریب چینی موجود ہے جبکہ شوگرملوں میں ایک لاکھ 71 ہزار میٹرک ٹن چینی کا اسٹاک موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ 15 سے 20 ہزارمیٹرک ٹن چینی مختلف اضلاع کےڈیلرز کے پاس موجودہے، اگلا کرشنگ سیزن نومبر میں شروع ہوگا، اس لئے چینی کی کوئی قلت نہیں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ 4 لاکھ 66 ہزارمیٹرک ٹن چینی اوپن ٹریڈ کی شکل میں پنجاب اور سندھ سے آتی ہے، صوبائی حکومت نے چینی سے متعلق ٹاسک فورس تیارکی ہے، جو چینی کی قیمت کو کم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔