پاکستان ویمن ٹیم کا جنوبی افریقا کیخلاف ٹی20 سیریز میں وائٹ واش
نیشنل اسٹیڈیم میں تیسرے اور آخری میچ میں مہمان ٹیم کو 6 رنز سے شکست
پاکستان نے وائٹ واش کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز 0-3 سے جیت لی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں قومی ویمن ٹیم نے جنوبی افریقا کی ٹیم کو 6 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان کے دورے پر پہلی مرتبہ آنے والی جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
پاکستانی بیٹرز نے مسلسل تیسرے میچ میں بھی دھواں دار بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے، حیرت انگیز طور پر تینوں میچز کی پہلی اننگز میں 150 رنز اسکور کیے گئے۔
سدررا امین اور بسمہ معروف نے 39 ،39 رنز اسکور کیے، کپتان ندا ڈار نے 20 گیندوں پر جارحانہ انداز میں 36 رنز بنائے جس میں 5 چوکے اور اننگ کا واحد چھکا بھی شامل تھا۔ شوال ذوالفقار نے 19 اور منیبہ علی نے 8 رنز اسکور کیے۔
جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا سکی۔ کپتان لورا والوارڈٹ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 72 رنز کی اننگ کھیلی جس میں 9 چوکے بھی شامل تھے۔
ناڈین کلارک نے 20، ٹرمین برٹس نے 18، سن لوس نے 13 اوراینکے بوچ نے 10 رنز بنائے، نشرح سندھو نے 16 اور سعدیہ اقبال نے 25 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔ جنوبی افریقہ کی کپتان لورا پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائیں۔
پاکستان نے پہلا میچ 5 وکٹ اور دوسرا میچ 7 وکٹ سے جیتا تھا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل ویمن سیریز کا پہلا میچ 8 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔