اسرائیل نے بحرین میں سفارت خانہ کھول لیا

اسرائیل اور بحرین کے درمیان تعلقات امریکی ثالثی میں معاہدہ ابراہیمی کے تحت 2020 میں بحال ہوئے تھے


ویب ڈیسک September 05, 2023
اسرائیل اور بحرین کے درمیان تعلقات امریکی ثالثی میں معاہدہ ابراہیمی کے تحت 2020 میں بحال ہوئے تھے

عرب ممالک کے ساتھ سفارتی اور تجارتی معاہدوں کے بعد ایک پیشرفت میں اسرائیل نے بحرین میں اپنا سفارت خانہ کھول لیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیرخارجہ ایلی کوہن سرکاری دورے پر بحرین پہنچے اور اپنے سفارت خانے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بحرین کے ولی عہد بھی موجود تھے۔

سفارت خانے کے افتتاح سے قبل اسرائیلی وزیر خارجہ نے بحرین میں اپنے ہم منصب سے بھی ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی اور تجارت کے فروغ سلسلے میں بات چیت کی۔

اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے بحرین کے ولی عہد ولی عہد سلمان بن حمد الخلیفہ سے بھی ملاقات کی تھی جس میں اسرائیل سے بحرین براہ راست پروازوں سمیت اہم امور پر لائحہ عمل کو حتمی شکل دی گئی۔

یاد رہے کہ اسرائیل اور بحرین کے درمیان تعلقات کی بحالی کا معاہدہ 2020 میں ہوا تھا جس کے بعد بتدریج دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سفارتی تعلقات بحال ہونا شروع ہوئے۔

علاقہ ازیں 2020 میں ہی امریکی ثالثی میں ایک معاہدے تحت متحدہ عرب امارات، سوڈان اور مراکش بھی اسرائیل کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات قائم کرچکے ہیں۔ اسرائیل میں متحدہ عرب امارات 2021 میں ہی سفارت خانہ کھول چکا ہے۔

اسی معاہدے کے تحت جسے معاہدۂ ابراہیمی کہا جاتا ہے، امریکا اب اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی پر بھی کام کر رہا ہے لیکن سعودی عرب نے اسے فلسطین کے دو ریاستی حل سے مشروط کیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں