زیریں سندھ میں بھی الطاف حسین کی سالگرہ منائی گئی

زونل دفاتر پر بکروں کا صدقہ، قیدیوں اورمریضوں میں پھل اورکھانا تقسیم کیا گیا

حیدرآباد: قائدتحریک الطاف حسین کی 59 ویںسالگرہ کے موقع پرایک کارکن خون کا عطیہ دے رہا ہے فوٹو : ایکسپریس

KARACHI:
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد تحریک الطاف حسین کے 59 ویں یوم ولادت۔

کی مناسبت سے ایم کیو ایم حیدرآباد زون اور تمام سیکٹرز و شعبہ جات نے قائد تحریک کی درازی عمر، صحت و سلامتی کے لیے بکروں کا صدقہ دیا ۔ زونل انچارج محمد شریف و اراکین زونل کمیٹی اور حق پرست اراکین اسمبلی صلاح الدین، سید طیب حسین اور مختلف شعبوں کے ذمے داران نے زونل آفس پر بکروں کا صدقہ دیا۔


جبکہ قائد تحریک کی جانب سے شہر کے مختلف اسپتالوں میں مریضوں کو پھل تقسیم کیے گئے ۔حق پرست اراکین اسمبلی نے جیل میں اسیر کارکنان کو کھانا پہنچایا ، اس موقع پر پکا قلعہ میں شہداء حق کے قبرستان جا کر فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔ علاوہ ازیں خدمت خلق فاونڈیشن نے میڈیکل اور بلڈ کیمپ لگایا ، جہاں ایم کیو ایم میڈیکل ایڈ کے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر طبی عملے نے تقریباً سات سو افراد کو مفت طبی سہولتیں فراہم کیں۔

اس موقع پر حق پرستوں نے خون کے عطیات بھی دیے۔ دریں اثناء کراچی اور لاہور میں آتشزدگی کے واقعات میں سیکڑوں انسانی جانوں کے ضیاع کے باعث ایم کیو ایم ٹنڈو الہیار زون پر قائد تحریک الطاف حسین کی سالگرہ سادگی سے منائی گئی۔ اس موقع پر بکروں کا صدقہ دیا گیا۔

بعدازاں زونل انچارج سید محمد علی شاہ، جوائنٹ زونل انچارج شاہد عالم قائم خانی، اراکین زونل کمیٹی نے سول اسپتال جا کر مریضوں میں پھل اور جیلوں میں اسیر قیدیوں میں کھانا تقسیم کیا۔ انھوں نے حق پرست شہداء کی قبروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ ٹنڈو آدم، نوابشاہ، میرپورخاص، ٹھٹھہ سمیت اندرون سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی قائد تحریک الطاف حسین کی سالگرہ سادگی سے منائی گئی۔
Load Next Story