جنوبی افریقہ کے بلے باز ڈی کاک کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ
جنوبی افریقا نے ورلڈ کپ 2023 کیلئے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا
جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز اور وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کاک نے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا۔
کرکٹ جنوبی افریقہ نے ورلڈ کپ اسکواڈ کے اعلان کیلئے جاری کردہ پریس ریلیز میں تصدیق کی ہے کہ 30 سالہ کوئنٹن ڈی کاک اکتوبر 2023 میں اپنا آخری ورلڈ کپ کھیلیں گے۔ وہ گزشتہ دو ورلڈ کپ میں بھی جنوبی افریقہ کی ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔
2013 میں اپنا ون ڈے ڈیبیو کرنے والے ڈی کاک نے جنوبی افریقہ کے لیے 140 ون ڈے میچز کھیلے جس میں انہوں نے 44.85 کی اوسط اور 96.08 کے اسٹرائیک ریٹ سے 5 ہزار 966 رنز بنائے۔
ان کے نام 17 سنچریاں اور 29 نصف سنچریاں ہیں جبکہ انہوں نے اپنا 178 رنز کا بہترین انفرادی اسکور 2016 میں سنچورین میں آسٹریلیا کے خلاف بنایا تھا۔ بطور وکٹ کیپر ڈی کاک نے 183 کیچز پکڑے اور 14 کھلاڑیوں کو اسٹمپ آؤٹ کیا۔
ڈی کاک نے آٹھ ون ڈے میچوں میں جنوبی افریقہ کی کپتانی بھی کی جن میں انہوں نے چار میچ جیتے اور تین میں شکست کھائی۔
دریں اثنا ورلڈ کپ 2023 کیلئے جنوبی افریقا نے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ جنوبی افریقہ ورلڈ کپ 2023 میں اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف دہلی میں کھیلے گا۔
جنوبی افریقہ اسکواڈ:
ٹیمبا باووما (کپتان)، جیرالڈ کوٹزی، کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، مارکو جانسن، ہینرک کلاسن، سیسندا مگالا، کیشو مہاراج، ایڈن مارکرم، ڈیوڈ ملر، لونگی نگیڈی، اینریچ نورٹجے، کاگیسو ربادا، تبریز، کاگیسو ربادا راسی وین ڈیر ڈوسن۔