ایلون مسک کا امریکی یہودی تنظیم پر مقدمہ دائر کرنے کا عندیہ
اے ڈی ایل کی جانب سے لگائے گئے الزامات سے X کی اشتہاری آمدنی 60 فیصد کم ہوئی, ایلون مسک
ایلون مسک نے یہودی مہم گروپ اینٹی ڈیفیمیشن لیگ (اے ڈی ایل) کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا عندیہ دے دیا ہے اور گروپ پر الزام لگایا ہے کہ یہ X پلیٹ فارم کا 'خاتمہ' چاہتا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق X اور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے اپنے ٹویٹس میں کہا کہ اے ڈی ایل نے ان پر اور ان کے X پلیٹ فارم پر یہودی دشمن ہونے کا جھوٹا الزام لگایا جس کے نتیجے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی اشتہاری آمدنی میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی۔
ایلون مسک نے کہا کہ امریکا میں کمپنی کی اشتہاری آمدنی 60 فیصد کم ہوئی ہے اور اس کی بنیادی وجہ اے ڈی ایل کا مشتہرین پر دباؤ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہودی دشمنی کے معاملے پر اپنے پلیٹ فارم کا نام صاف کرنے کے لیے ایسا لگتا ہے کہ ہمارے پاس اے ڈی ایل کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے۔
انہوں نے یہودی گروپ پر الزام لگایا کہ کمپنی کی نصف قدر کو تباہ کر دیا اور تقریباً 22 بلین ڈالر کا نقصان ہوا۔ ایسے بے بنیاد الزامات لگائے جس سے تنازعہ ہوا اور مشتہرین کو X کے ساتھ کام کرنے سے رُکنا پڑا۔
ایلون مسک کا مزید کہنا تھا کہ مشتہرین تنازعات سے بچتے ہیں۔ ایشیا میں یہودی گروپ کی طاقت بہت کم ہے اس لیے وہاں ہماری اشتہاری آمدنی اب بھی مضبوط ہے۔