بھارتی بورڈ سری نواسن کے مخالفین کو مزہ چکھانے پر تل گیا

سری نواسن کے سب سے بڑے مخالف شرد پوار گروپ کو نشانہ بنانے کیلیے آئی پی ایل فائنل کی میزبانی ممبئی سے واپس لے لی گئی


Sports Desk May 12, 2014
آئی پی ایل کا فائنل ممبئی سے بنگلور منتقل کرنے کا مقصد سری نواسن کے مخالفین کو مزہ چکھاناہے، فوٹو: اے ایف پی/فائل

بھارتی بورڈ سری نواسن کے مخالفین کو مزہ چکھانے پر تل گیا، آئی پی ایل کا فائنل ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم سے بنگلور منتقل کردیا گیا، ایم سی اے ہکا بکا رہ گئی، وضاحت کے لیے لیگ کے چیئرمین رنجیب بسوال کو خط تحریر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے معطل صدر این سری نواسن کے مخالفین کو مزہ چکھانے کیلیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کردیے، اس سلسلے میں تامل ناڈو کے طاقتور کرکٹ ایڈمنسٹریٹر سری نواسن کے سب سے بڑے مخالف شرد پوار گروپ کو نشانہ بنانے کیلیے ممبئی سے آئی پی ایل فائنل کی میزبانی واپس لے لی گئی ہے، ٹرافی میچ یکم جون کو وانکھیڈے میں کھیلا جانا تھا لیکن اچانک بی سی سی آئی نے اسے بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں منتقل کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے پیچھے بڑی وجہ ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کو سبق سکھانا ہے جس پر بھارتی بورڈ کے سابق صدر شردپوار کا کنٹرول ہے۔ اگرچہ بی سی سی آئی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں اس فیصلے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی مگر گورننگ کونسل کے اجلاس میں شریک ایک ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں اس کی بڑی وجہ وانکھیڈے کے وی آئی پی باکس کی گنجائش کم ہونا قرار دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ دنیا بھر سے اہم شخصیات فائنل میں شریک ہوں گی اسی وجہ سے بنگلور کا انتخاب کیا گیا ہے، دوسری وجہ یہ بتائی گئی کہ ایم سی اے کے ممبئی پولیس کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں چل رہے اس لیے سیکیورٹی کا بھی مسئلہ ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن اس اچانک فیصلے پر کافی برہم ہے ، نائب صدر روی ساونت کا کہنا ہے کہ اگرچہ آئی پی ایل بھارتی بورڈ کی ملکیت ہے لیکن ہم نے پھر بھی فائنل کی یہاں سے منتقلی کی وجہ جاننے کیلیے آئی پی ایل کے چیئرمین کو خط لکھ دیا ان کا جواب ملنے پر اپنا ردعمل دیں گے۔ واضح رہے کہ وانکھیڈے پہلے ہی ممبئی انڈینز کے تین میچز کی میزبانی کرچکا جبکہ مزید دو میچز 23 اور 25 مئی کو یہاں پر ہوں گے جبکہ 30 مئی کو شیڈول کوالیفائر 2 کی میزبانی بھی بدستور اسی کے پاس ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |