لاہور مدرسے میں تشدد سے بچہ زخمی استاد سمیت تین افراد گرفتار

بچے تشدد سے بے ہوش،انتظامیہ اسپتال لے گئی،بچہ تین دن بعد ہوش میں آیا تو حقیقت سامنے آئی جس پر پولیس نے کارروائی کی


ویب ڈیسک September 06, 2023
(فوٹو : پولیس)

سمن آباد میں مدرسے میں استاد کے بدترین تشدد سے طالب علم زخمی ہوگیا، پولیس نے استاد سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں واقع مدرسے میں یہ واقعہ پیش آیا جس میں بچے کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے سبب بچہ بے ہوش ہوگیا اور اسے اسپتال میں داخل کرانا پڑا، والد کی شکایت پر پولیس حرکت میں آئی۔

ایس پی اقبال ٹاؤن محمد عثمان ٹیپو کے مطابق سمن آباد پولیس ٹیم نے بچے پر تشدد کا مقدمہ درج کرکے قاری عبدالودود سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ان میں مدرسہ مہتمم قاری عبدالودود، اکاؤنٹنٹ عظیم اور قاری حبیب شامل ہیں۔

ایس پی کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ نامزد ملزمان نے 10 سالہ بچے فیضان پر تشدد کیا، بچے کو اٹھا کر پٹخا گیا، بچے کو پنکھا لگنے سے شدید چوٹ آئی، بچے پر تشدد بھی کیا گیا جس کے بعد اسکول انتظامیہ والدین کو اطلاع دیے بغیر ہسپتال لے گئی، ہسپتال انتظامیہ نے والدین کے بغیر بچے کے علاج سے معذرت کی۔

ایس پی نے مزید بتایا کہ تین دن کے بعد بچہ اپنے ہوش و حواس میں واپس آیا، ہوش میں آنے کے بعد بچے نے حقیقت بتائی جس پر والد نے پولیس کو اطلاع دی، سمن آباد پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا، بچوں پر تشدد کرنے اور انہیں ہراساں کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں