چترال افغان سرزمین سے چیک پوسٹوں پر حملہ ناکام جوابی کارروائی میں 12 دہشتگرد ہلاک

فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران چار سپاہیوں نے بھی بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک September 06, 2023
(فوٹو: فائل)

چترال میں پاک ا فغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کا دو پاکستانی فوجی چوکیوں پر حملہ سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا، 12 حملہ آور دہشت گرد مارے گئے جبکہ چار جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جدید ترین ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں کے ایک بڑے گروپ نے ضلع چترال کے جنرل علاقے کالاش میں پاکستان افغانستان سرحد کے قریب واقع دو پاکستانی فوجی چوکیوں پر حملہ کیا۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو جنہم واصل کیا جبکہ مقابلے میں سیکیورٹی فورسز کے چار جوان شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی ار کے مطابق افغانستان کے نورستان اور کنڑ صوبوں کے گووردیش، پتیگال، برگ متل اور بتاش کے علاقوں میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت سے پہلے ہی آگاہ کردیا گیا تھا، پاکستان نے ان معلومات کو عبوری افغان حکومت کے ساتھ بروقت شیئر کیا تھا۔

خطرے کے بڑھتے ہوئے ماحول کی وجہ سے پاکستانی پوسٹیں پہلے ہی ہائی الرٹ پر تھیں، بہادر فوجیوں نے بہادری سے مقابلہ کیا اور حملوں کو پسپا کرتے ہوئے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچایا۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جب کہ بڑی تعداد میں دہشت گرد زخمی ہوئے، تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران چار سپاہیوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق چترال کے بہادر عوام بھی دہشت گردوں کو علاقے کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ عوام سیکورٹی فورسز کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کی اجازت نہیں دے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں