کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر باپ اور نوجوان بیٹا قتل
واقعہ کورنگی نمبر دو میں بک اسٹال پر پیش آیا، مقتولین کی شناخت محمد حسین (باپ) اور اسد حسین (بیٹے) سے ہوئی
شہر قائد کے علاقےکورنگی نمبر دو میں ڈکیتوں نے مزاحمت پر باپ بیٹے کو قتل کردیا گیا۔
زمان ٹاؤن پولیس کے مطابق کورنگی نمبر دو میں واقع پرنس بک اسٹال کے اندر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں 70 سالہ محمد حسین اور 37 سالہ بیٹا اسد حسین شدید زخمی ہوئے جو اسپتال منتقلی کے دوران انتقال کرگئے۔
عینی شاہد فہد نے بتایا کہ دکان پر تین ڈاکو آئے جن میں سے دو اندر داخل ہوئے اور ایک باہر ہی کھڑا رہا، جب انہوں نے ڈبہ چھیننے کی کوشش کی تو محمد بھائی نے مزاحمت کی اور اس دوران اسد بھائی بھی آگے بڑھے تو ڈاکو نے ابا (محمد حسین) پر گولی چلا دی۔
اسی دوران دکان میں کھڑے دوسرے ڈکیت نے فائر کیا جو اسد کو لگا اور پھر دونوں زمین پر گر گئے اور پھر ڈکیت ڈبہ چھین کر فرار ہوگئے۔
مذکورہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں مزاحمت پر ڈکیتوں کو گولی چلاتے اور باپ بیٹے کو زخمی ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
واقعے کے بعد مشتعل علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اور آگ لگا کر سڑک بلاک کر کے پولیس سے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا، باپ بیٹے کی ہلاکت پر علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی ہے۔