ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارش حادثات و واقعات میں 2 خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق

کہوٹہ میں ایک گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے 2 جب کہ عارف والا میں بھی آسمانی بجلی سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔


ویب ڈیسک May 12, 2014
سب سےزیادہ بارش مالم جبہ میں 37، راولپنڈی 19 اور اسلام آباد میں 20 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ فوٹو؛فائل

ISLAMABAD: ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے نتیجے میں مختلف حادثات و واقعات میں 2 خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بارش کے دوران راولپنڈی کے علاقے کہوٹہ میں ایک گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت محمد شکیل اور محمد حفیظ کے نام سے ہوئی جب کہ پاکپتن کی تحصیل عارف والا میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت نہ ہوسکی، ادھر فیصل آباد اور گرد ونواح میں شدید بارش اور طوفانی ہواؤں سے کئی گھروں کی چھتیں گر گئیں، بجلی کے پول اور درخت اکھڑنے سے 2 خواتین سمیت تین افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے۔

لاہورسمیت صوبے کے مختلف شہروں میں سرشام ہی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے لگی،لاہورمیں آندھی سے مختلف مقامات پردرخت جڑوں سے اکھڑگئے،بند روڈ پردرخت گرنے سے 2 افراداورساندہ میں دیوارگرنے سے 3 افراد زٕخمی ہوگئے جبکہ شیراکوٹ ہوٹل کی دیوار گرنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے، تیزبارش اور آندھی سے کئی علاقوں کی بجلی بھی منقطع ہوگئی۔

شیخوپورہ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد، پسرور، ڈسکہ اورلالہ موسیٰ میں بھی موسلادھار بارش ہوئی،جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ ابر رحمت برسی ، بہاولنگرمیں آندھی سے مختلف مقامات پردرخت اکھڑگئے، ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، تونسہ، خانیوال، چیچہ وطنی اور دیگر علاقوں میں بادل خوب جم کر برسے، چنیوٹ اور گردونواح میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا وہیں گندم کی کٹائی میں مصروف کاشتکاروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔


دوسری جانب پشاور میں صبح سے گہرے بادل چھائے رہے اورشام کے وقت بارش سے درجہ حرارت 10 درجے تک کم ہوگیا، ڈیرہ اسماعیل خان،کرک اورسوات میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی،کرک میں شدید بارش کے بعد بہن بھائی برساتی نالے میں بہہ گئے جنہیں بچانے کے لئے امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں،ادھر گلگت بلتستان کے ضلع استور میں پہاڑوں پر برفباری اور بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا جس کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا، مری میں کالی گھٹاؤں کےساتھ موسلادھاربارش سے موسم پھر سے سرد ہوگیا،ملک کے معاشی حب کراچی کے علاقے طارق روڈ پربھی ہلکی ہلکی بوندا باندی ہوئی۔


سب سےزیادہ بارش مالم جبہ میں 37، راولپنڈی 19 اور اسلام آباد میں 20 ملی میٹرریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 2 روز کے دوران اسلام آباد ،خیبر پختونخوا، پنجاب، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں