سلیمان لاشاری قتل کیس مقتول کے بھائی اور والدہ نے تمام ملزمان کو شناخت کرلیا

چاروں اہلکار ملزم سلمان ابڑو کے ہمراہ سیاہ رنگ کی گاڑی میں ان کے گھر آئے اور فائرنگ کی، عینی شاہدین کا بیان


ویب ڈیسک May 12, 2014
ملزمان کی کی شناخت کرنے والوں میں والدہ، بھائی ، ملازم اور بہنوئی شامل تھے۔ فوٹو؛آن لائن

سلیمان لاشاری قتل کیس میں مقتول کی والدہ اور بھائی نےمقدمے میں گرفتار تمام ملزمان کو شناخت کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جوڈیشنل میجسٹریٹ ممتاز سولنگی کی عدالت میں سلیمان لاشاری قتل کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر پولیس نے گرفتار اہلکاروں مقبول بروہی، عمران علی، راشدگجر اور یاسین کو پیش کیا تاہم مقدمے کے مرکزی ملزم سلمان ابڑو کو زخمی وہنے کی وجہ سے عدالت نہیں لایا جاسکا۔ شناختی پریڈ کے دوران مقتول کی والدہ ارم ناز، بھائی ذیشان لاشاری، ملازم ریاضت علی اور بہنوئی رحیم الدین نے چاروں ملزمان کو سلمان ابڑو کے ہمراہ گھر میں گھس کر فائرنگ والوں کی حیثیت سے شناخت کرلیا۔

شناخت کرنے والوں کا کہنا تھا کہ واقعے کی رات یہی چاروں اہلکار ملزم سلمان ابڑو کے ہمراہ سیاہ رنگ کی گاڑی میں ان کے گھر آئے اور فائرنگ کی جبکہ مقتول کی والدہ نے بیان دیا کہ ان چاروں اہلکاروں نے ہی سلمان ابڑو کو کہا تھا کہ وہ سلیمان کو کسی صورت زندہ نہ چھوڑے جس کے بعد سلمان ابڑو نے ان کے بیٹے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ شناختی پریڈ کے بعد پولیس نے چاروں ملزمان کو دوبارہ درخشاں پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔

واضح رہے کہ سلمان ابڑو اور سلیمان لاشاری کا 2 ہفتے قبل گاڑی کی ریس پر جھگڑا ہوا تھا اور وقوعے کے چار روز قبل بھی کیفے کلفٹن پر بھی دونوں میں سخت تلخ کلامی ہوئی تھی جس پر سلمان ابڑو 4 پولیس اہلکاروں کے ہمراہ سلیمان لاشاری کے گھر میں گھسا اور اس نے فائرنگ کرکے سلیمان کو قتل کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں