بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

نوجوانوں کو ضلع پونچھ میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کیا گیا

کشمیری نوجوانوں کو ضلع پونچھ میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پونچھ میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔

جارحیت پسند بھارتی فوج نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے نوجوانوں کی لاشیں لواحقین کے حوالے نہیں کیں اور نہ شہداء کی شناخت ظاہر کی گئی۔

کٹھ پتلی بھارت نواز انتظامیہ نے نوجوانوں کو عسکری پسند قرار دیتے ہوئے مضحکہ خیز دعویٰ کیا کہ یہ نوجوان مسلح تھے اور دہشت گردی کی واردات کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔


ادھر شہدا کے والدین اور اہل علاقہ مکینوں نے کٹھ پتلی انتظامیہ کے دعوے کو بے بنیاد اور جھوٹا قرار دیتے ہوئے اپنے پیاروں کی لاشوں کے حصول کے لیے شدید احتجاج کیا۔

کشمیر پولیس نے روایتی ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ہوائی فائرنگ کی جس میں 10 سے زائد مظاہرین زخمی ہوگئے۔

 

 
Load Next Story