کراچی سمیت چار مختلف مقامات سے جمع کیے گئے سیوریج کے پانی میں پولیو کے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
اسلام آباد میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ نے سیوریج کے پانی میں ٹائپ ون وائلڈ پولیو وائرس (ڈبلیو پی وی ون) کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ کراچی کے علاقے کیماڑی میں 17 اگست کو محمد خان کالونی میں سیوریج کے نمونے میں وائلڈ پولیو وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ امسال کراچی میں یہ دوسرا مثبت نمونہ ہے۔
ڈبلیو پی وی ون وائرس کو YB3A کلسٹر کے حصے کے طور پر درجہ بندی کیا گیا ہے اور یکم مارچ 2023 کو افغانستان کے ننگرہار بٹی کوٹ میں ماحولیاتی نمونے میں پائے جانے والے وائرس سے جینیاتی طور پر 99 فیصد منسلک ہے۔
یہ ضلع میں 7 اگست سے 13 اگست تک پولیو کے قطرے پلانے کی حالیہ مہم کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس اعتبار سے پاکستان میں 2023 کے لیے مثبت ماحولیاتی (سیوریج) نمونوں کی کل تعداد اب 21 ہے۔
دیگر تین نمونے پشاور کے شاہین مسلم ٹاؤن، یوسف آباد اور تاج آباد اور حیات آباد ایک اور 2 کے تھے۔ یہ اس سال ضلع میں ریکارڈ کیے گئے دس مثبت نمونے ہیں۔
تمام وائرسز کو YB3A کلسٹر کے حصے کے طور پر درجہ بندی کیا گیا ہے اور 16 مئی 2023 کو افغانستان کے بہسود میں پولیو کیس میں پائے جانے والے وائرس سے جینیاتی طور پر منسلک ہیں۔