کولمبو کا آرپریما داسا اسٹیڈیم بارش سے ڈوب گیا

کل سے شیڈول میچز کیلیے وینیو کو تیار کرنے کی سرتوڑ کوششیں ہونے لگیں

اگر محکمہ موسمیات پیشگوئی تھوڑا پہلے کردے تو ہمیں آسانی ہوجائے گی، کیوریٹر۔ فوٹو: گیٹی

کولمبو میں میچز سے قبل موسم اپنا اثر دکھانے لگا جبکہ آر پریما داسا اسٹیڈیم بارش سے جل تھل ہوگیا۔

ایشیا کپ کے باقی میچز اب کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں ہونے ہیں،ان میں سپر 4 راؤنڈ کا پاک بھارت مقابلہ بھی شامل ہے،البتہ بارش اس بار بھی رنگ میں بھنگ ڈالنے کیلیے تیار ہے، موسم کی پیشگوئی اچھی نہیں مگر سری لنکن کرکٹ حکام کو امید ہے کہ میچز کیلیے گراؤنڈ کو بروقت تیار کرلیا جائے گا۔

وینیو پہلے ہی گذشتہ روز ہونے والی تیز بارش کی وجہ سے کافی گیلا ہوچکا، وہاں ہفتے کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کا میچ ہونا ہے جبکہ اگلے روز پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

ایس ایل سی کے چیف کیوریٹر گاڈفرے ڈیبریرا نے کہا کہ بارش کی پیشگوئی موجود ہے، صبح بھی تیز بارش ہوئی، جس سے پچ اور اردگرد کی جگہ گیلی ہوگئی، آؤٹ فیلڈ میں بہت زیادہ پانی جذب ہوا مگر ہم اس کو میچز کیلیے تیار کرنے کیلیے پوری کوشش کررہے ہیں۔


یہ بھی پڑھیں: ایشیاکپ؛ بارش کے باعث پاک بھارت میچ بے نتیجہ ختم

یاد رہے کہ موسم کی وجہ سے مقابلے کولمبو سے کسی اور وینیو منتقل کرنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا تھا تاہم بھارتی بورڈ نہیں مانا۔

گاڈفرے نے کہا کہ کولمبو، پالے کیلی اور ہمبنٹوٹا تمام شہروں میں بارشیں ہورہی ہیں، ہم نے تینوں وینیوز پر 100 کے قریب اسٹاف مقرر کیا اور اسٹیڈیمز میں پچز تیار ہوں گی، ہمیں کہا گیا ہے کہ میچز کولمبو میں ہوں گے،ہم اسی حوالے سے تیاری کررہے ہیں مگر دیگر وینیوز بھی میزبانی کیلیے مکمل تیار ہوں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ پہلے ہونے والی بارش سے مسئلہ نہیں بلکہ میچ کے دوران ایسا ہونے سے پریشانی زیادہ ہوتی ہے، ویسے بھی اگر محکمہ موسمیات پیشگوئی تھوڑا پہلے جاری کردیا کرے تو ہمیں زیادہ آسانی ہوجائے گی۔
Load Next Story