کراچی کنڈا مافیا کے کارندوں کی فائرنگ سے جماعت اسلامی کا کونسلر جاں بحق

قانونی طریقے سے بجلی کے میٹرز لگوانے میں مدد کیلیے بلایا تھا، کنڈا مافیا کے کارندوں نے آکر فائرنگ کردی، علاقہ مکین

(فوٹو: فائل)

شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں کنڈا مافیا کے کارندوں کی فائرنگ سے جماعت اسلامی کا کونسلر جاں بحق ہوگیا۔

سرجانی کے علاقے سیکٹر فور سی فیضان عاشقان رسول مسجد کے قریب کنڈا مافیا کے کارندوں کی فائرنگ سے جماعت اسلامی کا کونسلر جاں بحق جب کہ گولی لگنے اور تشدد سے 2 افراد زخمی ہوگئے ۔ مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی۔


پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 60 سالہ حبیب کے نام سے کی گئی جب کہ زخمی ہونے والے 42 سالہ عدنان اظہار کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گھروں میں بجلی کے کنڈوں کی مد میں وصول کی جانے والی رقم کے تنازع پر پیش آیا۔

عباسی شہید اسپتال میں موجود علاقہ مکینوں نے بتایا کہ فائرنگ کنڈا مافیا کے کارندوں کی جانب سے کی گئی تھی۔ علاقہ مکینوں نے جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے علاقائی عہدیداروں سے کہا تھا کہ وہ ہمارے گھروں میں بجلی کے میٹروں کا بندوبست کرانے میں مدد کریں اور ہم ان سے بات چیت کر رہے تھے کہ کنڈا مافیا کے کارندے وہاں پہنچ گئے اور انہوں نے کہا کہ کنڈے کی رقم ہم وصول کریں گے، جس پر ان سے کہا کہ ہم کنڈے کی رقم نہیں دیں گے۔

علاقہ مکینوں نے کنڈا مافیا کے کارندوں سے کہا کہ ہم قانونی طریقے سے بجلی کا حصول چاہتے ہیں، جس پر موٹر سائیکلوں پر آئے ہوئے کنڈا مافیا کے کارندوں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کونسلر حبیب سینے پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئے جب کہ متعدد افراد کو انہوں نے ٹی ٹی کے بٹ مار کر زخمی بھی کیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی، جب کہ علاقہ مکین مشتعل ہو گئے۔
Load Next Story