نواز شریف کی واپسی سے قبل ن لیگ کا عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

نوجوانوں سے زیادہ سے زیادہ رابطہ قائم کیا جائے، پی ٹی آئی کے پروپیگنڈے کا ہر سطح پر جواب دیا جائے، اراکین کو ہدایت

(فوٹو فائل)

مسلم لیگ (ن) نے پارٹی کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے قبل عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے سابق اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کو اہم ہدایات جاری کردی گئیں۔

ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی جانب سے سابقہ لیگی ارکان قومی و صوبائی اسمبلیوں، ٹکٹ ہولڈرز، سابقہ بلدیاتی نمائندوں اور پارٹی عہدیداروں کو نوازشریف ادوار کے ترقیاتی منصوبوں کو نئی نسل کو آگاہی دینے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

پارٹی قیادت نے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں عوامی رابطوں میں تیزی لانے اور سوشل میڈیا اور عوامی سطح پر نواز شریف دور کے ترقیاتی منصوبوں کو اجاگر کرنے کا حکم بھی دیا۔


ذرائع کے مطابق ن لیگ کی جانب سے سوشل میڈیا اور عوامی سطح پر دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے نواز حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ ملک بھر میں پھیلائے گئے موٹر ویز اور سڑکوں کے جال کے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔

پارٹی نے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ زراعت کی ترقی، نئی منڈیوں کے قیام اور کھیت سے منڈی تک سڑک کے منصوبوں سے بھی عوام کو آگاہی دی جائے جبکہ سی پیک، روزگار اسکیم، خواتین کی ترقی، لیپ ٹاپ اسکیم اور نئی یونیورسٹیوں کے قیام کے حوالے سے بھی عوام کو آگاہی دی جائے۔

پارٹی نے ہدایت کی کہ تمام رہنما اور متحرک کارکنان اپنے حلقوں میں نوجوانوں سے زیادہ سے زیادہ روابط قائم کریں اور واپسی سے قبل عوام کو یہ بتایا جائے کہ نواز شریف پاکستان کیلیے کیوں ضروری ہیں۔

ہدایت کی گئی ہے کہ پارٹی عہدیدار مسلم لیگ ن اور نواز شریف کے حوالے سے تحریک انصاف کے جعلی پروپیگنڈے کا پول کھولیں، 2017 سے 2022 کے دوران ہونے والی بدترین انتقامی کارروائیوں کے باوجود نواز شریف کی استقامت اور وطن سے محبت کو اجاگر کیا جائے اور قائد کی واپسی کے موقع پر اپنے اپنے حلقوں سے عوام کی کثیر تعداد کو استقبال کے لئے تیار کریں۔
Load Next Story