امریکا میں صرف 48 گھنٹوں کے اندر اندر سمندری طوفان 'لی' درجہ 5 میں تبدیل ہوگیا ہے جو کہ کسی بھی طوفان کی مہلک ترین صورت ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیریبین کے مشرقی خطے پورٹو ریکو، بہاماس اور برمودا جزائر میں آنے والے دنوں میں خطرناک صورتحال کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
نیشنل ہریکین سینٹر نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ طوفان 'لی' مزید خطرناک ہوکر پانچویں درجے کے بڑے طوفان میں تبدیل ہو گیا ہے جو کہ جان لیوا صورت ہے۔
صرف 48 گھنٹوں سے کم وقت میں طوفان 165 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ درجہ 1 سے سب سے زیادہ درجے 5 پر آگیا ہے۔ نیشنل ہریکین سینٹر نے کہا کہ توقع ہے کہ طوفان کی لہریں رواں ہفتے لیزر اینٹیلز، ورجن آئی لینڈ، پورٹو ریکو، ہیٹی، ڈومینیکن ریپبلک، ٹرکس اینڈ کیکوس، بہاماس اور برمودا سے ٹکرائیں گی۔