11 ججز کو بلا سود قرض کی فراہمی کا فیصلہ فوراً واپس لیا جائے پاکستان بار کونسل

ججز سے توقع کرتے ہیں وہ بلاسود قرض کی پیشکش مسترد کریں گے،اعلامیہ پاکستان بار کونسل


ویب ڈیسک September 08, 2023
—فائل فوٹو

پاکستان بار کونسل نے لاہور ہائیکورٹ کے 11 ججز کو بلاسود قرض دینے کے حکومتی فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے نگراں حکومت سے فیصلہ فوراً واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔

بار کونسل کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ پنجاب نگران حکومت کی جانب سے ججز کو بلا سود قرض دینا غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہونے کے ساتھ عوامی پیسے کا ضیاع ہے، ملک اس وقت معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ عام شہریوں کو 20 سے 25 فیصد شرح سود کیساتھ قرض ملتا ہے، ججز جن کی تنخواہیں اور مراعات پہلے ہی بہت زیادہ ہیں انھیں بلا سود قرض دینا ججز ضابطہ اخلاق کے خلاف ہے، اچھی تنخواہیں اور مراعات لینے والے ججز کو بلا سود قرض دینا غیر مساوی سلوک ہے۔

پاکستان بار کونسل کے مطابق ججز سے توقع کرتے ہیں وہ بلاسود قرض کی پیشکش مسترد کریں گے، پاکستان بار کونسل نے آل پاکستان وکلا نمائندہ اجلاس میں ججز کی مراعات ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اعلامیہ میں پنجاب کی نگراں حکومت سے ججز کو بلا سود قرض دینے کی پیشکش کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔