کراچی میں ڈاکو راج برقرار ڈکیتی میں مزاحمت پر ایک اور شہری قتل

مقتول اتحاد ٹاؤن میں دکان بند کرکے جا رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر گولی چلادی

(فوٹو: فائل)

شہر قائد میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک اور شہری کو قتل کردیا گیا، جس کے بعد رواں برس ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 96 ہو گئی۔

بلدیہ اتحاد ٹاؤن جھنگوی چوک احمد میڈیکل کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ۔ مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچائی، جہاں اس کی شناخت 20 سالہ مزمل کے نام سے کی گئی جسے بازو اور پسلی کے قریب گولیاں لگی تھیں ۔


ابتدائی اطلاعات کے مطابق نوجوان دکان بند کر کے جا رہا تھا کہ اس دوران ڈاکوؤں نے اسے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

دریں اثنا ملیر سٹی کے علاقے گلشن قادری سوسائٹی ابوبکر مسجد کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 36 سالہ ساجد زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لایا گیا۔ ملیر سٹی پولیس کے مطابق فوری طور پر فائرنگ کی وجہ اور ملزمان سے متعلق تعین نہیں ہوسکا تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔
Load Next Story