پشاور مردان خیبر اور بنوں میں سیکڑوں کنڈے ہٹادیے گئے 50 لاکھ کے جرمانے
پیسکو نے 200 سے زائد بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر کی درخواست دیدی، متعدد بجلی چور موقع پر پولیس کے حوالے
وزیر اعظم اور وزیر توانائی کی ہدایات پر بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، پیسکو نے بھی بجلی چوروں کے خلاف دائرہ تنگ کر دیا۔
ترجمان پیسکو کے مطابق پشاور، مردان، خیبر اور بنوں سمیت دیگر علاقوں میں سیکڑوں کنڈے ہٹادیے گئے، خیبرپختونخوا میں اب تک 400 سے زائد کنڈے ہٹائے جا چکے ہیں جن پر بجلی چوری کی مد میں 50 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
پیسکو کے مطابق 200 سے زائد بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لیے درخواست جمع کرائی جاچکی ہے، متعدد بجلی چوروں کو موقع پر گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ترجمان پیسکو نے مزید بتایا ہے کہ بجلی چوروں کی مزاحمت کے باوجود پیسکو کی جانب سے آپریشن جاری ہے، ضلعی انتظامیہ کی طرف سے پیسکو ٹاسک فورسز کو سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، پیسکو صارفین بجلی چوری کی اطلاع 118پر کال کر کے دے سکتے ہیں۔