پیپلزپارٹی ہی عوام کو غربت اور مہنگائی سے نجات دلاسکتی ہے شرجیل میمن
پیپلزپارٹی نے حیدرآباد اور دیگر علاقوں میں کروڑوں روپے کی لاگت سے صحت اور پانی کے منصوبے شروع کیے، سابق وزیر
پیپلزپارٹی کے رہنما اور سندھ کے سابق وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی عوام کو غربت، مہنگائی اور افلاس سے نجات دلاسکتی ہے۔
حیدرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہی واحد جماعت ہے جو عوام کو غربت، مہنگائی اور افلاس سے نجات دلاسکتی ہے کیونکہ یہ تاریخ رہی ہے کہ پیپلزپارٹی کو جب بھی اقتدار ملا تو اس نے عوام کو ریلیف دیا۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے حیدرآباد اور دیگر علاقوں میں کروڑوں روپے کی لاگت سے صحت اور پانی کے منصوبے شروع کیے۔ اسی طرح حیدرآباد میں این آئی سی وی ڈی کاآغاز اور سول اسپتال کی اپ گریڈیشن سمیت صحت کے تمام منصوبے پیپلزپارٹی ہی نے دیے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی لیڈر شپ کی محنت اور کام کی وجہ سے آج پہلی بار حیدرآباد میں پیلزپارٹی کا میئر ہے اور انشاءاللہ آئندہ الیکشن میں حیدرآباد کی سو فیصد نشستیں پیپلزپارٹی جیتے گی۔
چیئرمین تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان نیازی کی وجہ سے پاکستان تنہائی کا شکار ہوگیا تھا، مگر چیئرمین پیپلزپارٹی اور سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شبانہ روز محنت سے ناراض ہوجانے والے دوست ممالک کی ناراضگی دور کی اور پاکستان کو تنہائی سے بچایا۔
انہوں نے کہا کہ اپنی مصروفیات کی وجہ سے چیئرمین پیپلزپارٹی مختلف شخصیات کے انتقال پر تعزیت کے لیے وقت نہیں نکال سکے تھے چنانچہ اب انہوں نے کارکنان اور رہنماؤں کے پاس جاکر ان سے تعزیت کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی کے نہ چاہنے کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد ان کےا ستقبال کے لیے جمع ہوتی رہی ہے جو بلاول بھٹو زرداری سے ان کی محبت کا ثبوت ہے۔