ہمارا ایجنڈا مقبول فیصلوں کے بجائے درست فیصلے کرنا ہے نگراں وزیراعظم
معاشی بحالی کے لیے اقدامات کررہے ہیں، جلد بہتری نظر آنا شروع ہوجائے گی، انوارالحق کاکڑ
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ معیشت کی بحالی کیلیےحکومت اقدامات کررہی ہے، جلد بہتری نظرآناشروع ہوجائے گی۔
ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ گورننس کےمعاملات کوبہترکرنے کیلیے کوشاں ہیں، معاشی بحالی کے لیے اقدامات کررہے ہیں، حکومتی اقدامات سے جلد بہتری نظر آنا شروع ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کےتحت معیشت کی بحالی اور زرعی شعبے کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں،سرحدی علاقوں میں اسمگلنگ کی روک تھام کیلیے گہری نظررکھے ہوئے ہیں۔
سرمایہ کاری کے موضوع پر نگراں وزیراعظم نے کہا کہ خلیجی ممالک معدنیات کےشعبےمیں سرمایہ کاری کےخواہشمند ہیں، اور سرمایہ کاری کےحوالےسے سعودی ولی عہد اورآرمی چیف کے درمیان مثبت بات چیت ہوئی ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان خطے کے ممالک کے ساتھ معاشی تعلقات میں بہتری لارہا ہے۔ ان کاکہنا تھاکہ نگراں حکومت اپنےاخراجات پرمکمل نظر رکھے ہوئے ہے، اور پنشن فنڈز کےمسائل کو بھی دیکھ رہےہیں۔
نگراں وزیراعظم نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہمارا ایجنڈا مقبول فیصلوں کے بجائے درست فیصلے کرنا ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد نئے صدر کے انتخاب تک موجودہ صدر عہدے پر برقرار رہ سکتے ہیں۔
انتخابات کی تاریخ کے حوالے سےانہوں نے کہا کہ انتخابات کیلیے فیصلہ الیکشن کمیشن نےکرنا ہے، تاہم مارچ سے پہلے الیکشن ہونے چاہییں تاکہ ایوان بالا کے نئے ممبران کا انتخاب بروقت ہوسکے۔