الطاف حسین کو فوٹو اور بائیومیٹرک دینے کے بعد پاسپورٹ جاری کردیا جائے گا وزارت داخلہ

الطاف حسین کو لوازمات پورے کرنے کے بعد دہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کی طرح شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کردیا جائے گا


ویب ڈیسک May 12, 2014
لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں تعینات نادرا کے مینیجر کو الطاف حسین کے فنگر پرنٹس لینے کے لئے مشین ایم کیو ایم سیکریٹریٹ لے جانے پر عہدے سے ہٹادیا گیا۔ فوٹو: فائل

وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن جاکر اپنی فوٹو اور بائیومیٹرک دیں جس کے بعد انہیں شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کردیا جائے گا۔

ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے اجرا کا ایک قانونی طریقہ کار وضع ہے جس کے تحت وزیر، مشیر اور عام شہری شناختی کارڈ اور پاسپورٹ حاصل کرتے ہیں لہٰذا الطاف حسین بھی طریقہ کار کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن میں درخواست، تصویر اور بائیو میٹرک دیں جس کے بعد انہیں دہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کی طرح شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کردیا جائے گا۔

ادھر وزارت داخلہ نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں تعینات نادرا کے مینیجر کے الطاف حسین کے فنگر پرنٹس لینے کے لئے مشین ایم کیو ایم سیکریٹریٹ لے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے نادرا مینیجر کو عہدے سے ہٹا دیا اور ان کی جگہ مانچسٹر میں تعینات نادرا منیجر نے لندن میں ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

دوسری جانب ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے لندن میں نادرا کے عملے کو معطل کرنے پر افوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عملے کے خلاف کارروائی پر الطاف حسین کو دکھ ہوا، الطاف حسین کروڑوں عوام کے محبوب رہنما اور قائد ہیں اور انہیں شناختی کارڈ سے محروم رکھنا زیادتی ہے۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کا شناختی کارڈ کے بنیادی حق پر طرز عمل افسوسناک ہے ہے، حکومت انتشاور اور بےچینی کا سبب بننے والے اقدامات کر رہی ہے، نادرا عملے کو انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے اور وزیر اعظم وزارت داخلہ کی حرکتوں کا نوٹس لیں۔

واضح رہے کہ پاسپورٹ حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بتایا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی جانب سے اب تک پاسپورٹ کے اجرا کی درخواست موصول نہیں ہوئی جس پر الطاف حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے ارکان رابطہ کمیٹی اور دیگر تحریکی ساتھیوں کی موجودگی میں 4 اپریل کو پاکستانی پاسپورٹ کے لئے درخواست دی لیکن انہیں بتایا کہ پاکستانی پاسپورٹ کے لئے اوورسیز شناختی کارڈ لازمی ہے جس کے بعد انہوں نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر واجد شمس الحسن کی موجودگی میں نادرا کو شناختی کارڈ کے لئے درخواست دی تھی لیکن انہیں تاحال شناختی کارڈ بنا کر نہیں دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں