کراچی کیماڑی میں فائرنگ سے نوجوان جاں بحق دوسرا زخمی

ملزم فرار، فائرنگ شادی کی تقریب میں ہوئی پولیس کا دعویٰ، ہمیں قتل کی نیت سے فائرنگ کی گئی، زخمی نوجوان کا بیان


Staff Reporter September 11, 2023
جاں بحق شہری (فوٹو : ایکسپریس)

کیماڑی پدر گراؤنڈ میں فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، پولیس کا دعویٰ ہے کہ فائرنگ شادی کی تقریب میں خوشی میں کی جا رہی تھی جبکہ زخمی نوجوان کا بیان ہے کہ انہیں قتل کی نیت سے فائرنگ کی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جیکسن کے علاقے کیماڑی پدر گراؤنڈ میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے، زخمی ہونے والے ایک نوجوان کو سول اسپتال جبکہ دوسرے کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، سول اسپتال لائے جانے والے زخمی کی شناخت 23 سالہ جواد ولد بخت زمین جبکہ جناح اسپتال منتقل کیے جانے والے شخص کی شناخت افضال کے نام سے کی گئی۔

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والا جواد سول اسپتال میں دوران علاج جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرے زخمی کی حالت خطرے سے باہربتائی جاتی ہے۔

مقتول جواد کے والد نے بتایا کہ جواد غیر شادی شدہ اور 7 بھائیوں میں سب سے بڑا تھا جبکہ وہ فشری میں مشین پر کام کرتا تھا، مقتول کو اگلے ماہ روزگار کے سلسلے میں سعودی عرف جانا تھا، وہ پدر گراؤنڈ میں شادی کی تقریب میں موجود تھا جب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، میرے بیٹے کو جان بوجھ کر سامنے سے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔

پولیس نے زخمی شہری افضال کا بیان قلم بند کرلیا، زخمی افضال نے کہا ہے کہ انہیں قتل کی نیت سے فائرنگ کی گئی، افضال نے شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ کرنے والے ملزم کی شناخت انس ولد سہراب کے نام سے کی ہے، ملزم انس واقعے کے بعد سے فرار ہے، ملزم نے ہوائی نہیں بلکہ اسٹریٹ فائرنگ کی تھی۔

مقتول جواد کے والد نے پولیس سے اپیل کی ہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں