اسپین میں پٹری عبور کرتے راہگیروں کو ٹرین نے کچل دیا 4 ہلاک اور3 زخمی

اسپین کے ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے


ویب ڈیسک September 11, 2023
اسپین کے ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، فوٹو: فائل

اسپین کے شہر کاتالونیا میں 7 افراد پٹری عبور کرنے کی کوشش کے دوران تیز رفتار ٹرین کی زد میں آگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپین کے شہر کاتلونیا میں میوزک کنسرٹ جاری تھا جس میں شرکت کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد پہنچی اور اسی جلد بازی میں تیز رفتار ٹرین سے قبل پٹری عبور کرنے کی کوشش جان لیوا ثابت ہوئی۔

تیز رفتار ٹرین 7 افراد کو روندتے ہوئے دور تک لے گئی جن میں سے 4 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ 3 کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں کی ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ میوزک کی تیز آواز کے باعث پٹری عبور کرنے والے راہگیر ٹرین کی سیٹی نہیں سن سکے جب کہ کچھ کا کہنا ہے کہ پٹری پر لگے سگنلز کی خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا۔

وزارت ریلوے نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جارہی ہیں۔

یاد رہے کہ جون 2010 میں بھی ایک تیز رفتار ٹرین نے پٹری عبور کرنے والے لوگوں کے ایک گروہ کو کچل دیا تھا جس میں 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس حادثے پر بھی متاثرین نے شکایت کی تھی کہ ایک انڈر پاس سے باہر نکلنے کا نشان خراب تھا اور ایک پرانی کراسنگ کو بند کر دیا گیا تھا جس سے مسافر الجھن کا شکار ہوئے اور غلط پٹری پر آگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں