کرنسی اسمگلرز کیخلاف کریک ڈاؤن چھاپے کے دوران ملزمان کی ایف آئی اے ٹیم پر فائرنگ

اسلام آباد کے ایف 6 ٹو میں چھاپے کے دوران ایف آئی اے اور پولیس ٹیم پر فائرنگ کی گئی، خوش قسمتی سے کوئی زخمی نہیں ہوا

(فوٹو: فائل)

کرنسی اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ایف آئی اے کے اہلکاروں پر چھاپے کے دوران ملزمان کی جانب سے سیدھی فائرنگ کی گئی ہے جس میں خوش قسمتی سے اہلکار محفوظ رہے۔

ایف آئی اے کا غیر قانونی کرنسی ایکسچینج ، ہنڈی حوالہ کا دھندہ اور ڈالرز کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔

ایف آئی اے نے راجہ بازار راولپنڈی میں پراچہ ٹریڈرز پر چھاپہ مار کر 4 ملزمان کو گرفتار کرکے ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی جبکہ اسلام آباد کے سیکڑ ایف 6 میں ایک گھر میں کرنسی ذخیرہ کی جانے کی اطلاع پر چھاپے کے لیے جانے والی ایف آئی اے ٹیم کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور ملزمان نے گھر میں سے فائرنگ بھی کی جس میں خوش قسمتی سے اہلکار محفوظ رہے۔

ملک بھر میں ڈالر کی مصنوعی قلت، قیمت میں اضافے اور روپے کی قدر میں گراوٹ پر قابو پانے کے لیے ایف آئی اے ملک بھر میں کرنسی کے غیر قانونی کاروبار، ہنڈی حوالہ اور ڈالر ذخیرہ کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر مہک گل کی سربراہی میں ٹیم نے راولپنڈی میں واقع راجہ بازار میں پراچہ ٹریڈر جو مرکزی انجمن تاجران کے مرکزی صدر کے بھائی کی شاپ بتائی جاتی ہے پر چھاپہ مارا اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث 4 ملزمان عبدالرحمان پراچہ، بلال کلیم، توصیف احمد، اور محمد نوید کو گرفتار کرکے 30 لاکھ روپے مالیت کی ملکی وغیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔


حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے مطمئن نہ کر سکے اور بغیر لائسنس کے منی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے۔ ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب اس حوالے سے مرکزی انجمن تاجران کے مرکزی صدر کا کہنا تھا بھائی پرائز بانڈ کو کاروبار کرتے ہیں تاہم دکان کا ایک پورشن کرائے پر دے رکھا ہے جہاں کرائے دار شاید کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کرتا ہے جس بنا پر ایف آئی اے نے کاروائی کی۔

دوسری جانب ایف آئی اے ہی کی دوسری ٹیم نے اسلام آباد کے علاقے ایف 6 ٹومیں اسلام آباد پولیس کے ہمراہ کرنسی کی غیرقانونی زخیرہ اندوزی کی اطلاع پر وارنٹ کے ساتھ سرچنگ کے لئے چھاپہ مارا تو ٹیم کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور ملزمان نے گھر کے اندر سے ایف آئی اے ٹیم پر سیدھی فائرنگ شروع کردی۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ سے ایک گولی اسلام آباد پولیس کےاہلکار کی جیکٹ پر لگی جو محفوظ رہا ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے گھر کی عقبی راستے سے فرار ہوگئے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہناتھاکہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے ہدایات ملنے کےبعد 15 اگست سے ابتک حوالہ ہنڈی و کرنسی کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون میں 50 چھاپے مارے گئے۔

اعلامیے کے مطابق چھاپوں کے دوران 63 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور ہنڈی حوالہ و کرنسی کا غیرقانونی دھندہ کرنے والوں کے خلاف 49 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 11 انکوائریز بھی رجسڑڈ کی گئیں۔

انکوائریز میں اس الزامات ثابت ہونے پر 9 مزید مقدمات بھی درج کرلیے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق 15 اگست سے اب تک حوالہ ہنڈی و کرنسی کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کے دوران مجموعی طور پر 1 لاکھ6 ہزار 8 سو امریکن ڈالر برآمد کیے گئے مجموعی طور پر23ملین روپے سے زائد کی دیگر غیرملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی جبکہ 15 اگست سے لیکر اب تک تقریباً 26 دنوں میں چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 154 ملین روپے سے زائد کی غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی ہے۔
Load Next Story