نگراں حکومت پاکستان کو معاشی حب بنانا چاہتی ہے وزیر خزانہ
ترقی کیلئے اکنامک زون کا ضروری ہے، ٹیکسوں میں چھوٹ کے بجائے سرمایہ کاری پر توجہ دینا ہوگی، نگراں وزیر خزانہ
نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ اقتصادی خوش حالی کیلیے ٹیکسوں میں چھوٹ دینے کے انحصار کو ختم کر کے سرمایہ کاری میں سہولت دینے پر توجہ دینا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کے زیرصدارت اسپیشل ٹیکنالوجی زون اور اسپیشل اکنامک زون کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں خصوصی ٹیکنالوجی زونز وخصوصی اقتصادی زونز میں سہولیات و ترغیبات کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر آئی ٹی ڈاکٹرعمر سیف، وزیر اعظم کے مشیراحد چیمہ،سینیٹرافنان اللہ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری قانون، چئیرمین ایف بی آر، چئیرمین ایس ٹی زیڈاے، چئیرمین سی ڈی اے اوروزارت خزانہ و ایف بی آر کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں خصوصی ٹیکنالوجی زونز کے تقابلی ماڈل اورموجودہ خصوصی ٹیکنالوجی زونز وخصوصی اقتصادی زونز میں پیش رفت اورچیلنجوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں خصوصی ٹیکنالوجی زونز وخصوصی اقتصادی زونز میں موجود سہولیات وترغیبات، ان کوفعال و موثر اور عصر حاضر کی ٹیکنالوجی کی ضروریات کے مطابق بنانے پر جامع اور مفصل گفتگو ہوئی جبکہ شرکا کو بتایا گیا کہ 8 خصوصی ٹیکنالوجی زونز کا اعلان کیا گیا ہے جس میں سے 5 مکمل طور پر فعال ہیں۔
اجلاس میں شرکاء نے اختراع، اقتصادی نمو اورٹیکنالوجی میں جدت کے مقاصد کیلئے خصوصی ٹیکنالوجی زونز و خصوصی اقتصادی زونز کو چلانے اوراس مقصد کیلئے ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے حکمت عملی سمیت اور پالیسیوں کا بھی جائزہ لیا۔
وزیر خزانہ نے قومی معیشت کی ترقی اور نمو کیلئے خصوصی ٹیکنالوجی زونز و خصوصی اقتصادی زونز کی کلیدی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک کو ٹیکنالوجی کی ترقی اور اقتصادی خوشحالی کا مرکز بنانے کیلیے پرعزم ہے تاہم اس کیلئے ہمیں ٹیکسوں میں چھوٹ دینے پر انحصار کرنے کی بجائے کاروبار اور سرمایہ کاری میں سہولت دینے پر توجہ دینا ہوگی۔
انہوں نے امید ظاہر کی بات چیت اورسفارشات کے نتیجے میں خصوصی ٹیکنالوجی زونز و خصوصی اقتصادی زونز کو موثر اور فعال انداز میں چلانے میں مدد ملے گی ۔شمشاد اختر نے کہا کہ نگران حکومت پاکستان کو ٹیکنالوجی اور معاشی حب بنانا چاہتی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ اسپیشل ٹیکنالوجی اور اسپیشل اکنامک زونز میں کاروبار کیلئے دوستانہ ماحول فراہم کرنا چاہتے ہیں۔